تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنیکی ضرورت ہے ، گورنر

  • November 8, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 54 Views

کوئٹہ(خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات روایتی علوم کے حامل تو ہوتے ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پل پل بدلتی دنیا کی جدید ترین تحقیق و تخلیق سے اپنے طلبہ کے اذہان کو منور کریں ۔ انہوں نے ہائر ایجو کیشن کمیشن ، صوبائی حکومت اور وائس چانسلرز صاحبان کے درمیان مسلسل اور متحرک رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نئی پالیسیاں مرتب کرنے اور ان پر عملدرآمد اور نئی ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں ، رجسٹرار ڈاکٹر انجم اور ڈین فیکلٹیز و اساتذہ اکرام کے ساتھ جائز ہ اجلاس میں وومن یونیورسٹی کے انتظامی اور تدریسی امور ومعاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ ملک و صوبے کو معاشی اور سیاسی پسماندگی سے نکالنے اور ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ ہم قدم ہونے کیلئے سب سے اہم ضرورت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نئی نسل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید تعلیم اور سائنسی شعور سے لیس کرنا ہے ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ میرے دورے کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کی کار کردگی میں بہتری لاکر ان کی رینکنگ کو اوپر لانا ہے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جامعات میں تقرریوں اور دیگر امور کے حوالے سے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے گورنر کو یونیورسٹی کی کار کردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔