سی پیک بلوچستان سمیت پورے خطے کے لئے حقیقی معنوں میں گیم چینجر ہے

  • November 8, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)رکن قومی اسمبلی برائے پارلیمانی افیئر اینڈ لوکل افیئر فخر امام نے کہا ہے کہ سی پیک بلوچستان سمیت پورے خطے کے لئے حقیقی معنوں میں گیم چینجر ہے۔ بلوچستان میں ہونہار افسران سے ہی صوبے اور ملک کی ترقی ممکن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کے زیراہتمام 26 ویں مڈکیئر کورس کے شرکاء میں تقسیم سرٹیفکیٹ کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے اس وزٹ کے دوران مختلف کیڈر کے افسران کے شرکاء کو لیکچر بھی دیا اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام ہونہار افسران خصوصاً جن کا تعلق بلوچستان جیسے خطے سے ہے ان کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے دلمعی سے یہ کورس مکمل کرکے آج سرٹیفکیٹ حاصل کئے اور ملک بھر میں کہیں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے ہمیں ان پر ناز ہے۔ بلوچستان کے ہونہار پڑھے لکھے افسران ہی ہمارا سرمایہ ہیں اور ان ہی کی مدد سے ہم اپنے ملک اور صوبے کا نام مزید اجاگر کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پورے ملک سے آئے ہوئے 41 افسران میں مختلف شعبہ جات میں کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نم خواجہ اویس عادل، چیف انسٹرکٹر شوکت حسین اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ تمام مڈ کیئر کورس کے پاس آؤٹ ہونے والے افسران نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں سے جانے کے بعد اپنے اپنے شعبہ جات میں مزید مہارت کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے۔