وزیراعلیٰ جام کمال کی انتخابی عذرداری اپیل کی سماعت، مہلت کی استدعا ء منظور

  • November 8, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 88 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرو قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق دائر انتخابی اپیلوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے روبرو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء ،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور الیکشن کمیشن کے نمائندے پیش ہوئے عدالت نے فریقین کے وکلاء کی جانب سے مہلت کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے سماعت 14نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔اسی طرح الیکشن ٹریبونل کے روبرو نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت کے دوران رکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زیرے کی جانب سے ان کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ریاض احمد ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران 3گواہان کے بیانات قلم بند کرکے ان پرجرح مکمل کرلی گئی بعدازاں ٹریبونل نے سماعت کو12نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا۔اس کے علاوہ الیکشن ٹریبونل کے روبرو وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر عبدالخالق ہزارہ کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزاران پاکستان پیپلزپارٹی کے سحر گل خان خلجی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالولی نورزئی کی جانب سے دائر انتخابی اپیلوں کی بھی سماعت ہوئی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء کی جانب سے مہلت کی استدعا کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے ٹریبونل نے سماعت 13نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔دریں اثناء الیکشن ٹریبونل نے رکن صوبائی اسمبلی اخترحسین لانگو کے حلقہ انتخاب میں مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواست گزار لیاقت علی کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت 12نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن بلوچستان اسمبلی یونس عزیز زہری کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران گواہان کے بیانات قلم بند کرلئے گئے بلکہ ان پر جرح بھی مکمل کرلی بعدازاں ٹریبونل نے سماعت کو14نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔دریں اثناء بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 11نصیرآباد سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران ریٹرننگ آفیسر عنایت اللہ بڑیچ کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع کرادی گئی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء اوردیگر متعلقہ حکام ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے بعدازاں ریفرنس کی سماعت کو12نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔