پاکستان درست پالیسیوں کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کرے گا،وزیراعلیٰ جام

  • November 8, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے جمعرات کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات میں ساحلی علاقوں میں پاکستان نیوی کے زیراہتمام تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان نیوی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو نیوی میں باوقار روزگار کے حصول کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں تاکہ وہ ملک کی سمندری حدود کے تحفظ کا فریضہ انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت ہے جس نے ہمیں ترقی کے بہت سے مواقع فراہم کئے ہیں، خاص طور سے بلوچستان کے قدرتی وسائل ،طویل ساحل اور منفرد جغرافیائی محل وقوع کو ملک کے معاشی استحکام کے لئے بروئے کار لاکر اقوام عالم میں اہم مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ درست سمت میں معاشی پالیسیوں کے ذریعہ پاکستان معاشی اور اقتصادی استحکام حاصل کرے گا۔ کمانڈرکوسٹ نے وزیراعلیٰ کے موقف کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان نیوی صوبے کے عوام بالخصوص نوجوانوں کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز محمد خالد صدیق نے ملاقات کی اور انہیں بی آئی ایس پی کے تحت جاری مختلف پروگراموں جن میں وسیلہ ء تعلیم اور وسیلہء روزگار بھی شامل ہیں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت بی آئی ایس پی کے ذریعہ صحت پروگرام کا آغاز کررہی ہے جس کے ذریعہ غریب عوام کو علاج ومعالجہ کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کو بلوچستان میں انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے جسے دور کرنے کے لئے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر صوبائی افسران کی خدمات کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بی آئی ایس پی کو صوبائی حکومت کے افسران کی خدمات فراہم کرنے کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بی آئی ایس پی کے دائرہ کار کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غربت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی بلوچستان جاوید زہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔