اہم علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنے ملک کو تعمیر وترقی کی نئی منازل تک لے جاسکتے ہیں،گورنر،وزیراعلیٰ

  • November 8, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 55 Views

کوئٹہ(خ ن ) گورنر جسٹس ریٹائرڈ، امان اللہ یاسین زئی اوروزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے جس آزاد اسلامی ریاست کا خواب دیکھا تھا، یہ اسی خواب کی تعبیر ہے کہ ہم پاکستان جیسی آزاد اسلامی ریاست میں رہ رہے ہیں اور ہمیں عالمی برادری میں عزت واحترام حاصل ہے تاہم علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنے ملک کو تعمیر وترقی کی نئی منازل تک لے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال پر دیئے گئے اپنے پیغامات میں کیا۔گورنر اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے، انہیں نوجوانوں سے خصوصی انسیت تھی اور ان کے شعروں میں نوجوانوں کے لئے پیغام ملتا ہے جس میں انہوں نے نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دی ہے، وزیراعلیٰ نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور خود کو صحیح معنوں میں اقبال کا شاہین ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شدت پسندی، دہشت گردی اور معاشی طور پر ملک وقوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے علامہ اقبال کی فکر کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں اتنی صلاحیتیں ہیں کہ وہ بلوچستان اور پاکستان کو امن، استحکام اور معاشی واقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال جیسے رہنما ملے ہیں جن کی ولولہ انگیز قیادت اور فکر انگیز رہنمائی میں پاکستان وجود میں آیا، ہم بھی دنیا کی دیگر اقوام کی طرح اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں علامہ اقبال کے فلسفہ کی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ہمت عطا فرمائے۔