ہرنائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی

  • February 14, 2020, 5:22 pm
  • Breaking News
  • 379 Views


لیویز ذرائع کے مطابق تحصیل شاہرگ میں واقع پہاڑ کواہ خلفت میں آگ لگنے کی وجہ سے زیتون کے قیمتی جنگلات کو شدید نقصان پہنچا۔

اس علاقے میں ہزاروں ایکٹرز پر زیتون کے جنگلات پھیلے ہوئے ہیں اور مقامی باشندوں کے مطابق یہاں گزشتہ تین روز سے آگ لگی ہوئی تھی جوکہ پھیلتی جارہی تھی۔

ضلعی انتظامیہ ہرنائی و زیارت نے لیویز اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کے ہمراہ گزشتہ شب کواہ خلفت پہنچ گئے تھے۔ جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کے بعد بھی محکمہ جنگلات کا عملہ تاحال کوہ خلیفت کے دامن میں موجود ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑ کے مطابق تین مختلف مقامات پر آگ لگی تھی۔ یہ آگ ممکنہ طور پر چرواہوں کی جانب سے جھاڑیوں کو لگائی گئی اور تیز ہواﺅں کی وجہ سے وسیع رقبے کو لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ہرنائی کے جنگلات تین علاقوں میں تقسیم ہیں جو علاقہ آگ سے متاثر ہوا ہے وہ محکمہ جنگلات زیارت کی حدود میں آتا ہے، اس لیے ہم نے زیارت کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے حکام سے رابطہ کیا تاکہ آگ بجھانے کی کوششیں تیز کی جاسکیں۔

محکمہ جنگلات ضلع زیارت کے ڈپٹی کنزرویٹر حسیب کاکڑ کے مطابق آگ تین سے چار مقامات پر سوکھی جھاڑیوں اور گھاس میں لگی۔ آتشزدگی سے 15 ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہوا تاہم اسے جعرات کو مزید علاقے تک پھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے عمل میں محکمہ جنگلات کے 28 فارسٹ گارڈز حصہ لے رہے تھے اور لیویز اہلکار بھی کی بھی مدد حاصل تھی جبکہ ڈپٹی کمشنر زیارت کی جانب سے بھی 40 مزید اہلکار بھیجے گئے۔

محکمہ جنگلات کے افسر کے مطابق تیز ہواﺅں کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔