کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بوگی کا ماڈل تیاری کے آخری مراحل میں

  • September 4, 2020, 3:51 pm
  • Business News
  • 172 Views

کراچی: شہر قائد میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل کے لیے سرکلر ریلوے کی بحالی کے سلسلے میں اچھی خبر آ گئی، ریلوے کے لیے بوگی کا ماڈل تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بوگی کا ماڈل تیار ی کے آخری مراحل میں ہے، یہ بوگی ملک میں تیار کی جارہی ہے جس سے زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

اس سلسلے میں کے سی آر کی پرانی بوگیوں کو جدید طریقے سے ری کنڈیشند بھی کیا جائے گا، منصوبے کے لیے پروٹو ٹائپ بوگی تیار کی جا رہی ہے، بوگی میں مسافروں کے بیٹھنے کے لیے زیادہ نشستیں رکھی جائیں گی۔

بوگی نان اے سی ہوگی اور اس میں پنکھے لگائے جائیں گے اور باتھ روم بھی ہوگا، بوگی کا یہ ماڈل کیئرج فیکٹری اسلام آباد میں تیار کیا جا رہا ہے۔ بوگی کی حتمی شکل میں منظوری کے بعد کے سی آر منصوبے کے لیے مزید بوگیاں تیار کی جائیں گی۔


خیال رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے عدالتی احکامات پر کے سی آر منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، ایف ڈبلیو او نے بھی کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں پارٹنر شپ کر لی ہے، کے سی آر ٹریک پر 10 انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر ایف ڈبلیو او کرے گی۔

اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا ہے کہ کے سی آر ٹریک پر بالائی اور زیر زمین گزر گاہوں کی تعمیر ایف ڈبلیو او کرے گی، جب کہ ٹریک پر حفاظتی دیوار کی تعمیر محکمہ ٹرانسپورٹ کرے گا، سندھ حکومت نے ٹریک پر انڈر پاسز، فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔