وزیراعظم کےخصوصی معاونین کی دہری شہریت،اپوزیشن نےاستعفوں کا مطالبہ کردیا

  • July 19, 2020, 9:43 pm
  • Breaking News
  • 120 Views

نفیسہ شاہ کہتی ہیں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم بے نقاب ہو گئے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ معاملہ عمران خان کا نیا یوٹرن ہے جبکہ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی شہریت والے مشیروں اور وزیروں سے استعفیٰ لیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی کی دہری شہریت پر اپوزیشن کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر کئی سوالات اٹھاتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے معاملے کو انتہائی حساس اور وزیراعظم کا نیا یوٹرن قرار دے دیا۔ نفیسہ شاہ کہتی ہیں کہ امریکی شہری معید یوسف کو قومی سلامتی سمیت حساس معاملات تک رسائی دینا انتہائی تشویشناک ہے۔ ندیم بابر کے پٹرولیم کمپنیز میں شیئرز مفادات کا تصادم ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم بے نقاب ہو چکے ہیں۔

شیری رحمان نے بھی وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان ماضی میں دہری شہریت کے حامل کابینہ ارکان کی سخت مخالفت کرتے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دہری شہریت کے لوگ نیا پاکستان بنا رہے ہیں؟ اگر وزیراعظم کو معلوم نہیں تھا تو یہ مزید تشویش کی بات ہے۔

ادھر نواز لیگ نے غیر ملکی شہریت رکھنے والے مشیروں اور وزیروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب! آپ نے کہا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ دہری شہریت والے مستقبل کے فیصلے بھی کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عمران خان تو کہتے تھے کہ جس کے پاس دوسری ملک کا پاسپورٹ ہو، اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔