اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم کی صورت حال

  • January 2, 2020, 1:42 pm
  • Weather News
  • 267 Views

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے،کہیں کہیں پر بارش اور برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں رات کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقے جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں رہے اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا ہے تاہم جیوانی، پسنی، اورماڑہ، تربت، دیر، میر کھانی، کالام، چترال اور دروش کے اضلاع میں بعض مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ بارش جیوانی میں 15 ملی میٹر، پسنی 3، اورماڑہ 2، تربت ایک، دیر، میرکھانی 6، کا لام ، دروش اور چترال میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کالام میں ایک انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس منفی 8، بگروٹ، استور، پاراچنار منفی5، مالم جبہ اور کالام میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔