مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

  • August 1, 2018, 12:14 pm
  • Breaking News
  • 1.5K Views

کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایف سی نے جوابی فائرنگ کرکے ایک حملہ آور کو بھی مار دیا

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کوئٹہ کے علاقے پرنس روڈ عبداللہ اسٹریٹ کے رہائشی راز محمد ولد باز محمد ترین کو قتل کردیا ۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہورہے تھے اس دوران سبزی منڈی کی سیکورٹی پر تعینات ایف سی اہلکار نے ایک حملہ آور کو بھی گولیاں مارہلاک کردیا۔

ایف سی حکام کے مطابق ایف سی اہلکار فائرنگ کی آواز سنتے ہی چوکس ہوگئے ۔ وہ سمجھے کہ ٹارگٹ کلنگ کا کوئی واقعہ پیش آیا ۔ اس دوران ایک حملہ آور کو اسلحہ سمیت بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تو اسے روکنے کا کہا گیا ، نہ رکنے پر ایف سی اہلکار نے گولیاں مار کر اسے ہلاک کردیا۔ حملہ آور سے ایک پستول بھی برآمد کی گئی جو ایف سی نے پولیس تھانہ شالکوٹ کے حوالے کردی ہے ۔پولیس اور ایف سی نے ضروری کارروائی کے بعد حملہ آور کی لاش فلاحی ادارے چھیپا کے حوالے کردی جس نے لاش ایمبولنس کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچادی ہے ۔

جبکہ 48 سالہ مقتول راز محمد کی لاش بولان میڈیکل ہسپتال پہنچائی گئی جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ اسے دو گولیاں سینے اور ایک گولی کمر میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ مقتول کے لواحقین نے ہسپتال میں بتایا کہ حملہ آور ان کے ساتھ مزدور تھا اور ان کا لین دین کا کوئی تنازع تھا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں