انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے ، ایم ایم اے

  • August 3, 2018, 10:51 pm
  • Election 2018
  • 558 Views

کوئٹہ(پ ر) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدراورنومنتخب رکن صوبائی اسمبلی مولانانوراللہ،جنرل سیکرٹری مولاناعلی محمدابوتراب،مولاناعبدالحق ہاشمی ،مولاناغلام عباس قادری اورعلامہ اکبرحسین زاہدی نے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے سینیٹ میں موجود پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے۔جس میں کسی ریاستی ادارے کا کوئی نمائندہ شا مل نہ ہو۔ تاکہ یہ آزاد کمیشن اپنی تحقیقات صاف شفاف طریقے سے مکمل کرے۔البتہ ضرورت پڑنے پر دھاندلی کی تحقیقات میں اداروں سے تیکنیکی مدد ضرور لی جائے اور ان کی ذمہ داریوں بارے ضرور پوچھا جائے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں اور میڈیا کے افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشنوں پر پیش آنے والے واقعات اور پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکالنے جیسے سنگین غیر قانونی اقدامات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پرلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ہم کوئی قدم جلد بازی میں نہیں اٹھانا چاہتے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہرجمہوری کردار ادا کرتے رہیں گے، عدلیہ اور عسکری اداروں کا آئینی کردار غیر جانبدارانہ ہے، کوئی آئین سے بالاتر نہیں، اگر ان میں سے کسی نے روگردانی کی ہے تو اس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہیں مگر کچھ اقدامات ایسے ہیں جو سامنے نظر آرہے ہیں،ان سے اگر آنکھیں بند کرلی جائیں تو خودجمہوریت اور آئین کے ساتھ زیادتی ہوگی،ا نہوں نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد ہوتا تو جمہوریت اورجمہوری ادارے کمزور نہ ہوتے، احتساب سب کا ہونا چاہیے جس نے بھی کرپشن کی ہے، اسے اس کا حساب بھی دینا ہوگا مگر انتقام نہیں ہونا چاہیے۔ احتساب اور انتقام میں فرق رکھنے کے اقدامات نظر آنے چاہیں۔