زائرین کو لوٹ کھسوٹ کرنیوالوں سے محفوظ بنانا ہوگا، ایچ ڈی پی

  • October 12, 2018, 11:31 pm
  • National News
  • 164 Views

کوئٹہ (پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں زائرین کے مسئلے کی مستقل حل کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال محرم الحرام اور اربعین کے ایام کے دوران دوسرے صوبوں سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین کوئٹہ سے ہوتا ہوا زیارات مقدسہ کا سفر کرتے ہیں ، زائرین کی ہر سال بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے کوئٹہ کے شہری بلخصوص علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون کے رہائیشی مختلف قسم کے سماجی ، معاشی اور سیاسی مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں جبکہ زائرین کسی قسم کے مستقل رہائش ، قیام و طعام کا بندوبست نا ہونے کی وجہ سے انہیں بھی تکلیف دے حالات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے جو کسی المیہ سے کم نہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے زائرین کی حفاظت اور انکے رہائش کا بندوبست وفاقی حکومت کی زمہ داریوں میں شامل ہے ، زائرین کو گلی کوچوں میں ٹھرانے کی بجائے اگر انکے لئے ایک ہی جگہ پر قیام کا بندوبست کرکے انہیں اسی جگہ سے نقل و حرکت کا پابند بنایا جائے تو اس اقدام سے جہاں زائرین کو سہولت حاصل ہوگی وہی کوئٹہ کے شہری بالخصوص علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون کے عوام کی سماجی زندگیاں بھی محفوظ رہ سکتی ہے جبکہ بڑی تعداد میں زائرین کے نام پر لوٹ کسوٹ کرنے والوں سے بھی زائرین کو محفوظ اور بچانے کے اقدامات ممکن ہو سکتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت بھی بڑی تعداد میں زائرین علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون کی مساجد و امام بارہ گاہوں میں ٹہرے ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں بسوں کی وجہ سے گلی محلوں کے راستے بند ہوگئے ہیں جسکی وجہ سے ان علاقوں کے رہائشیوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے ۔ سرکاری ملازمین روزانہ دفتروں میں دیر سے پہنچتے ہیں جبکی طلباء کے آمد و رفت کے راستے بند ہونے کی وجہ سے انہیں تعلیمی اداروں تک بر وقت رسائی میں شدید مشکلات حائل ہو رہی ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت اور صوبائی محکمہ داخلہ کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کے سلسلے میں واضع اور دو ٹوک موقف اپنا کر وفاقی حکومت سے بات چیت کرے اور زائرین کے مسئلے کا ایک مستقل حل نکال کر تکلیف دہ عمل جبکہ صوبے کے عوام کو انکی وجہ سے ہونے والی مختلف مسائل سے نجات دلائی جائیں۔