بلوچستان میں صحت کے شعبے میں کام کرنے والی این جی اوز کو بھی اپنا بھر پور کردار کرنا ہوگا، میر نصیب اللہ خان مری

  • October 16, 2018, 12:13 am
  • National News
  • 91 Views

کوئٹہ (این این آئی )صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ادارہ استحکام شرکتی ترقی اور ڈونرز کو صوبائی حکومت ہرممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی بلوچستان کی آبادی دور دراز علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے جسے صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈونرزاور صحت کے شعبے میں کام کرنے والی این جی اوز کو بھی اپنا بھر پور کردار کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو ایس پی او کے ذیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی جدیدسہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب بروئے کار لار رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں جدید مشینری فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے محکمہ صحت پر کوئی توجہ نہیں دی جسکے باعث سرکاری ہسپتالوں میں مشینری اور سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات کی ہرممکن فراہمی کو یقینی بنائے گی اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مزید ڈاکٹرز اوردیگرعملے کی بھرتی کو میرٹ پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ استحکام شرکتی ترقی اورصحت کے شعبے میں کام کرنے والی دیگر این جی اوز کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ بلوچستان کے غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت این جی اوز اور ڈونرز کو مکمل تحفظ فراہم کریگی ملکی اور غیر ملکی ڈونرز خود آکر بلوچستان میں صحت سمیت دیگر شعبوں میں کام کریں۔