پاک ایران چیمبر آف کامرس کا دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ملکرکا م کرنے پر اتفاق

  • October 16, 2018, 12:14 am
  • National News
  • 103 Views

کوئٹہ ( آئی این پی )ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمعہ خان بادیزئی اور صدر زاہدان چیمبر آف کامرس عبدالحکیم ریگی نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں چیمبرز ہمسائیہ اسلامی ممالک پاکستان اور ایران کے صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کو ششیں کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان میں زاہدان چیمبرآف کامرس کے وفد کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر صلاح الدین خلجی ،نائب صدر محمد یاسین رئیسانی سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے ۔چیمبرآف کامرس کوئٹہ کے صدر جمعہ خان بادیزئی ،سینئر نائب صدر صلاح الدین خلجی ودیگر نے زاہدان چیمبرآف کامرس کے صدر عبدالحکیم ریگی کی قیادت میں آنے والے وفد کا استقبال کیا اور انہیں چیمبرآف کامرس آنے پر خوش آمدید کہا اور بعدازاں دونوں چیمبرز کے عہدیداران اور ممبران کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات پر تفصیلی غور وغوض کیا گیا ،ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کی مشکلات کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا بلکہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اعلیٰ حکام کی جانب سے مقرر کردہ 5ارب ڈالر کے تجارتی اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیاگیا دونوں چیمبرز کے عہدیداران کی جانب سے دوطرفہ تجارت کے دوران صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہرممکن کردار اداکرنے اورصنعت وتجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے اور اس سلسلے میں باہمی مشاورت سے معاملات کو حل کرنے پرزوردیاگیا۔