پاکستان کو بحرانوں میں دھکیلنے والوں کی نظر ریکوڈک سیندک پر ہے،اسلم رئیسانی

  • October 21, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 308 Views

کوئٹہ( این این آئی) نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ پہنچ گئے ۔ سراوان ہاؤس کوئٹہ میں قبائلی عمائدین ، سیاسی کارکنوں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کرکے کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، نوابزادہ رئیس رئیسانی، نوابزادہ میر اسماعیل رئیسانی بھی موجود تھے ۔ نواب اسلم رئیسانی کا مبارکباد دینے کیلئے آنیوالے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے بلوچستان کے وسائل کو لوٹنے کیلئے یکجا ہونے والوں کو شکست دی ہے ۔ مستونگ اور وڈھ کے عوام نے اپنے سیاسی فہم و دانش کے تحت بلوچستان کے حقوق اور قومی شناخت کے تحفظ کیلئے صوبے کے اجتماعی مفادات میں عملی جدوجہد کا حصہ بن کرصوبے میں تاریخ رقم کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اصولوں پر مبنی سیاست کے قائل ہیں بلوچستان کے مفادات کا دفاع کرکے حلقہ انتخاب سمیت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کے دوران مستونگ میں شروع کئے گے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سمیت حلقہ انتخاب میں امراض قلب سے متعلق جدید کارڈ کی سینٹر ، مستونگ ٹاؤن میں بلوچی اور براہوی کلچرل سینٹر کے قیام سمیت تعلیم ،صحت اور آبنوشی سے متعلق منصوبوں کا آغاز اور شہید نواب غوث بخش ایجو کیشن سسٹم کو فعال کرنے سمیت حلقہ میں ذراعت کے فروغ کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہے ۔اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کا کہنا تھاکہ نواب اسلم رئیسانی نے ہمیشہ وطن دوستی کی سیاست کرتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی خدمت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بحرانوں میں دھکیلنے والوں کی نظر ریکوڈک سیندک سمیت صوبے کی معدنیات اور ساحل پر ہے ایسے میں بلوچستان کے وسائل کا دفاع کرنے کیلئے ضمنی انتخابات میں صوبے کے عوام نے نواب اسلم رئیسانی اور میر اکبر مینگل کو کامیاب کرکے صوبے کے ساحل وسائل کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔ ضمنی انتخابات میں پی بی 35 مستونگ کے عوام نے نواب اسلم رئیسانی کے اصولی موقف بلوچ وطن دوستی پر مبنی نظریہ کو ووٹ دیا ہے ۔ نواب اسلم رئیسانی نے ہمیشہ صوبے کے مفاد کیلئے سیاست کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت جو اسمبلی میں ہے یا اسمبلی سے باہر صوبے کے دفاع اور حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کو ترجیح دے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حقوق کے دفاع کیلئے نواب اسلم رئیسانی کے موقف کی ضمنی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے تائید کی ہے ۔