نوجوان نسل کو جدید تعلیم سے روشناس کرانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں ، وزیراعلیٰ جام کمال

  • October 21, 2018, 11:05 pm
  • National News
  • 213 Views

گوادر (خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایف ڈبلیو او کی زیر نگرانی تعمیر ہونے والے ڈیسیلینیشن پلانٹ سے سربندر گاؤں کو روزانہ دو لاکھ گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سربندر میں میٹھے پانی کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراء میر ظہوراحمد بلیدی ،سردار عبدالرحمن کھیتران،میر نصیب اللہ مری، نورمحمد دمڑ،سردار صالح محمد بھوتانی، میر ضیاء لانگو ،محمد سلیم کھوسہ، عارف محمد حسنی صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، مٹھا خان کاکڑ کے علاوہ سیکریٹری پی ایچ ای فتح بھنگر، کمشنرمکران سیدال خان لونی ودیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ڈیسیلینیشن پلانٹ کا قیام یہاں کے عوام کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ایک اہم تحفہ ہے، انہوں نے کہاکہ ضلع گوادر کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں پسنی اور جیونی میں تعطل کے شکار منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث صوبے میں اکثر شروع کئے گئے منصوبے غیرفعال اور تعطل کا شکار تھے جس سے حکومت کو مالی خسارہ کے ساتھ ساتھ عوام کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا، موجودہ حکومت ایسے منصوبے تشکیل دے رہی ہے جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ گوادر اور دیگر علاقوں میں عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی ہمار ا مقصد ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادرمیں تعلیمی اداروں کی حالت بہتربنانے اور نوجوان نسل کو جدید تعلیم سے روشناس کرانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ ہمارے بچے پڑھ لکھ کر مستقبل میں ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔