گوادر پاکستان کے مستقبل کا تجارتی مرکز بنے گا،صادق سنجرانی

  • October 22, 2018, 11:34 pm
  • National News
  • 168 Views

کوئٹہ +اسلام آباد (پ ر) 26 ممالک کی پارلیمانوں کے سربراہان ، مندوبین اور اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ بین الپارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل 29 اکتوبر سے گوادر میں شروع ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ 26 ملکوں سے 97 مندوبین گوادر میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کے مستقبل کا تجارتی مرکز ہے اور یہاں سے وسطی ایشیا ء4 اور مشرق وسطیٰ کے علاوہ یورپ تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گاجس کا اثر نہ صرف پاکستان کی معیشت پر پڑے گا بلکہ پورے ایشیاء4 کی اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ اس اعلیٰ سطح کانفرنس کا انعقاد سینیٹ آف پاکستان نے کیا ہے جو کہ 29 اکتوبر سے 31اکتوبر تک گوادر میں جاری رہے گی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال ، امن ، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور معاشی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اہم اجلاس کو گوادر میں منعقد کرانے کا مقصدگوادر کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پارلیمانی قیادت کو امن و ترقی کے فروغ کیلئے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا ہے۔ سیاسی امور کی کمیٹی میں ایشیائی خطے میں قانون کی حکمرانی ،تعاون کے ذریعے ایشیاء4 کی ترقی اور ایشیائی پارلیمانوں اور حکومتوں کو قریبی معاونت کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق قرار دادیں زیر غور لائی جائیں گی جبکہ سینیٹ آف پاکستان جمہوریت کے ذریعے ترقی کے حصول سے متعلق تجویز سامنے لائے گاتاکہ امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے اس نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ تاریخی اعتبار سے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی بنیاد اس وقت ڈالی گئی جب ایشیائی پارلیمانوں کی تنظیم برائے امن کا اجلاس ستمبر1999 میں بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں منعقد ہوا اور ایشیاء4 میں انسانی حقوق اور امن کو فروغ دینے کیلئے ایشیائی پارلیمانوں نے مل کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا۔ 2006 کی ایشیائی پارلیمانوں کی تنظیم برائے امن کے تہران میں ہونے والے اجلاس میں اس تنظیم کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں تبدیل کر دیا گیا۔ سینیٹ آف پاکستان نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر ہمیشہ موثر کردار ادا کیا اور ایشیائی پارلیمانوں کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا تاکہ امن ، ترقی و خوشحالی کیلئے مل جل کو کوششیں کی جا سکیں۔ گوادر میں اس اہم کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے اس اہم شہر کے مستقبل کے حوالے سے تجارتی اور کاروباری اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پچھلے ہفتے گوادر کا دورہ بھی کیا تھا اور متعلقہ حکام کو کانفرنس کے کامیابی سے انعقاد سے متعلق ہدایات بھی دی تھیں۔ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اس سلسلے میں تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور کانفرنس کے مقاصد کے حصول کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ پریس کانفرنس سے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز ، سینیٹر جاوید عباسی اور مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی خطاب کیا جبکہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر ستارہ ایاز اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔