صوبے میں قانون کی بالادستی ہماری ترجیحات کا حصہ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

  • October 25, 2018, 12:16 am
  • National News
  • 62 Views

کوئٹہ(ؒ خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں قانون کی بالادستی ہماری ترجیحات کا حصہ ہے جس کے لئے پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اس ضمن میں اقوام متحدہ کے ادارے یو این او ڈی سی کی قابل قدر معاونت خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں یواین او ڈی سی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ادارے کے پاکستان میں نمائندے مسٹر سیسر گوڈیز (Mr.Cesar Guedes) کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں یو این او ڈی سی کی معاونت سے قانون کی بالادستی کے روڈ میپ کی تیاری اور اس پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد بلوچستان کے عوام کی قانون اور انصاف کے شعبہ کی ضروریات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، معاونتی پروگرام کے تحت پولیس، لیویز، پراسیکیوشن، عدلیہ اور بار ، جیل خانہ جات کے شعبوں کی استعداد کار میں اضافہ کے ذریعہ انہیں جدید خطوط پراستوار کیا جائے گا اور بلوچستان پہلا صوبہ ہے جہاں قانون کی بالادستی کے روڈ میپ کے تحت محکمہ داخلہ میں ڈیلیوری یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور پروگرام کی اسٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سیکریڑی داخلہ کی زیرصدارت منعقد کیا گیا ہے جس سے بلوچستان کو دیگر صوبوں پر سبقت حاصل ہوئی ہے، اس پروگرام کو صوبائی حکومت کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے جو دیگر صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے، یو این او ڈی سی کے نمائندے نے وزیراعلیٰ کو قانون کی بالادستی کے روڈ میپ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں میں احتسابی عمل ، ان کی کارکردگی اور افادیت میں اضافہ، پراسیکیوشن کی خدمات میں بہتری، قانونی شعبہ کے معیار کی بہتری، خواتین،بچوں اور دیگر قیدیوں کی انصاف تک رسائی جیسے امور کو سہل اور مستحکم بنانا ہے، انہوں نے بتایا کہ پانچ سالہ پروگرام کے تحت متعلقہ اداروں کے افسران کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ فارنزک ایجنسی کے قیام میں بھی معاونت کی جائے گی، تمام متعلقہ اداروں میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپس قائم کئے جائیں گے جبکہ قانونی اصلاحات کے تحت سی آر پی سی او رجیل مینول میں ضروری ترامیم کی سفارشات بھی تیار کی جائیں گی ۔ انہوں نے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لئے صوبے کی سیاسی قیادت اور حکومت کی دلچسپی اور معاونت کو سراہا ۔ وزیراعلیٰ نے قانون کی بالادستی کے روڈ میپ کی تیاری اور عملدرآمد میں معاونت پر یو این او ڈی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے اداروں اور اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے معاونت کی ضرورت ہے جس کے لئے یہ پروگرام انتہائی مفید ثابت ہوگا۔