فائرنگ واقعہ خوف وہراس پھیلانے کی سازش ہے ، پشتونخوامیپ

  • October 25, 2018, 12:17 am
  • National News
  • 127 Views

کوئٹہ( پ ر ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کلی شابو میں نجی دانش سکول کے معصوم بچوں پر فائرنگ کے دہشتگردانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی نجی دانش سکول کے معصوم طلباء وطالبات پر دہشتگرد عناصر کی جانب سے فائرنگ کرکے انھیں زخمی کرنے اور خوف وہراس میں مبتلا کرنے کے واقعہ کی پشتونخوامیپ شدید مذمت کرتی ہے اور امن وامان نافذ کرنیوالے اداروں اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعہ کی فی الفور تحقیقات کرکے دہشتگرد عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ کا مقصد خوف وہراس کی فضاء پیدا کرکے طلباء کو علم کے حصول سے دور رکھنا ہے اور ایسے واقعات وسازشیں پہلے بھی رونماء ہوچکی ہیں ۔ لہٰذا صوبائی حکومت سیکورٹی کے بہتر انتظامات کرکے طلباء وطالبات اور عوام کو تحفظ فراہم کرے اور خوف وہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔