سکولوں کے بچوں اور اساتذہ کو تحفظ فراہم کیاجائے ،حاصل بزنجو

  • October 25, 2018, 12:19 am
  • National News
  • 96 Views

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ،پارٹی کے مرکزی ترجمان جان محمد بلیدی ،سابق صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں پرائیویٹ سکول کے بچوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پرگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پرائیویٹ سکول کے بچوں پر فائرنگ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ایسے واقعات کا مقصد بلوچستان میں خوف و ہراس پیدا کرکے بچوں کوتعلیم جیسے زیور سے دور رکھنا ہے جس کی نیشنل پارٹی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے سکول پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں اور اسکولوں میں بچوں اوراساتذہ کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور زخمی ہونے والے بچوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔