وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبے کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عارف محمد حسنی

  • October 28, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 106 Views

کوئٹہ ( آئی این پی )صوبائی وزیر خزانہ میر عارف محمد حسنی نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں صوبائی حکومت اورخصوصاًوزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان پر عدم اعتماد کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے انہوں نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی کابینہ اور تمام اتحادی جماعتیں وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی سربراہی میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مصروف عمل ہیں صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبائی کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے تمام اراکین صوبا ئی اسمبلی نے جام کمال خان پرمکمل اعتماد کرتے ہوئے انہیں وزیر اعلیٰ منتخب کیاہے اور اب بھی صوبائی کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی وزیر اعلیٰ جام کمال خان پر نہ صرف پور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے سے پسماندگی کو دور کرنے اور بلو چستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیر اعلیٰ بلو چستان جس جوش وجذبے سے شب روزمحنت کررہے ہیں اس ضمن میں تمام اتحادی جماعتیں بشمول صوبائی کابینہ ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ چل کرصوبے کو ترقی کی معراج تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔عارف جان محمد حسنی نے اس ضمن میں وضاحت کی ہے کہ عوام سوشل میڈیاودیگر پر چلنے والی ان تمام بے بنیاد خبروں اور افواہوں پرکان نہ دھریں اور امید رکھیں کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ جام کمال خان اورکابینہ کی محنت وکوششوں سے صوبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات ان تک پہنچیں گے۔