اسرائیلی طیارے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی خاموشی نے بہت سے راز کھول دئیے، مولانا غفور حیدری

  • October 28, 2018, 11:17 pm
  • National News
  • 70 Views

کوئٹہ +اسلام آباد(پ ر+این این آئی )جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی خاموشی نے بہت سے راز کھول دئیے، ہماری مشینری اور ریڈار کیوں ایسے وقت میں کام چھوڑ جاتے ہیں، اسرائیلی طیارے کی آمد سے پوری قوم تشویش اور اضطراب میں مبتلاء جبکہ وزراء انت بانت کی بولیاں بول رہے ہیں، حکومت کا ترجمان وہ شخص ہے جو سستے داموں جھوٹ بولنے کا کام سرانجام دیتا ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گوادر میں منعقدہ ایشین پارلیمنٹری کانفرنس میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کو مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا اور آج وہ سب باتیں سچ ثابت ہورہی ہیں اسرائیلی طیارے کی آمد سے صاف پتہ چلتا ہے کہ موجودہ حکومت کے تانے بانے کہیں نہ کہیں سے حکومت سے ملتے ہیں،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے شرائط بھی موجودہ حکومت کا ایک ایجنڈہ ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے مغربی ایجنڈے کو ملک پر مسلط کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قادیانیوں کیلئے بھی راہ ہموار کررہی ہے گزشتہ دنوں ایک یونیورسٹی کے پروفیسر اور طلباء کا دورہ ربوہ کو سرکار کی مکمل سرپرستی حاصل تھی انہوں نے کہا کہ ملک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اپوزیشن جماعتیں متحد ہوچکی ہیںآل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں کی بھرپور نمائندگی ہوگی اور متفقہ طور پر ملک کو ان حالات سے نکلنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مشرف کی باقیات ہے اورحکومت کا ترجمان رفوگر ہے جو جھوٹ کو سچ کرنے کا ماہر ہے۔