سپریم کورٹ ، پی بی 5اور این اے 258میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم برقرار

  • October 29, 2018, 10:49 pm
  • National News
  • 68 Views

دکی (آئی این پی )سپریم کورٹ نے حلقہ پی بی 5 دکی اور این اے 258 دکی میں انتخابات روکنے کے لئے دائر کی جانے والی دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکم برقرار رکھا ۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں کورٹ نمبر ایک اسلام آباد میں تین رکنی بینچ نے سابق صوبائی وزیر سردار مسعود علی خان لونی اور سابق ایم این اے سردار اسرار خان ترین کی جانب سے حلقہ پی بی 5 دکی اور حلقہ این اے 258 دکی کے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر 15 نومبر کو ہونے والے دوبارہ انتخابات روکنے کے۔حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔تین رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ بھی شامل تھے ۔کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر دکی عبدالناصر دوتانی ،ڈی پی او دکی سردار محمد ہاشم محمد زئی ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام اور حلقہ پی بی 5 دکی سے امیدوار سابق صوبائی وزیر سردار یحی خان ناصر پیش ہوئے ۔تین رکنی بینچ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کرتے ہوئے دونوں درخواستیں مسترد کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکم برقرار رکھا۔درخواست گزاروں کی جانب سے شاہ خاور ایڈوکیٹ جبکہ فریقین کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈوکیٹ،کامران مرتضی ،سردار زادہ اقبال خان ناصر اور بیرسٹر جہانزیب خان ناصر ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو رکنی بینچ نے حلقہ پی بی 5 دکی میں مکمل انتخابات اور حلقہ این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں حلقوں میں 15نومبر کو دوبارہ انتخابات کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو رکنی بینچ کے فیصلے کو سابق صوبائی وزیر سردار مسعود علی خان لونی اور سابق ایم این اے سردار اسرار ترین نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کرکے حلقے میں دوبارہ انتخابات روکنے کی استدعا کی تھی ۔کیس کی پہلی سماعت پر سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکم برقرار رکھتے ہوئے دونوں درخواستیں مسترد کردی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ حلقوں پر انتخابات کے لئے پہلے ہی سے شیڈول جاری کرکے 15 نومبر کو انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔