صوبائی حکومتوں نے عوامی مفادات کو ہمیشہ اقتدار کی بھینٹ چڑھایا،عبدالحق ہاشمی

  • October 29, 2018, 10:49 pm
  • National News
  • 32 Views

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اہل بلوچستان کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ رہی ہے کہ انہیں آج تک ایسی کوئی نڈر اور بے باک قیادت ہی میسر نہیں آئی جو ان کے حقوق کے لئے وفاقی حکومتوں کے سامنے ڈٹ جاتی،بلکہ صوبائی حکومتوں نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے اجتماعی مفادات کو اپنے اقتدار کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش اور سازش کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع نصیرآباد کے زیراہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں منعقدہ مختلف اضلاع کے نومنتخب امراء کی تقریب حلف برداری سے خطاب ومیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلم کی امیدوں کا مرکز اور ہماری پہچان ہے۔مگر گذشتہ 70سالوں سے برسراقتدار آنے والے مفاد پرست حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پسے پشت رکھ کر کے غیروں کی غلامی اور اپنے مفادات کو پورا کیا ہے۔جس کی وجہ سے آج پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔مہنگائی،بیروزگاری،بدامنی،امریکی غلامی اور معاشی بدحالی نے عام آدمی زندگی اجیرن بنا دی ہے اورامریکی مداخلت، ڈروں حملوں ،امریکی مفادات کی جنگ میں شرکت نے ملکی آزادی و خودمختیاری کو سوالیہ نشان بنادیا ہے۔جب تک فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل نہیں کی جاتی اس وقت قوم پر مہنگائی بدامنی کے بم گرتے جائیں گے ۔جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو جماعت اسلامی کی اہل و دیانتدار قیادت ملک و قوم کی تقدیر بدل دے گی ۔ پاکستان میں شریعت نافذ کر کے ہی قیام پاکستان کے حقیقی مقصد کو پورا کیا جاسکتاہے ،پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے آباؤاجداربزرگوں نے ملکر قربانیاں دی ہیں پاکستان اللہ تعالیٰ کے بہت بڑی نعمت ہے جو کرپشن کرتے ہیں وہ پاکستان اوریہاں کے عوام کے دشمن ہیں سب ملکر کرپٹ دشمن کے خلاف متحد ہوجائیں ، استحصالی نظام کے خاتمے اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل کیئے بغیر ملک و قوم کی قسمت تبدیل نہیں ہو سکتی ہے،دین فطرت پر عمل اورا سلامی نظام کے قیام سے ہی دنیا کو امن اور انسانیت کو چین و سکون مل سکتا ہے،قبل ازیں نومنتخب امیر صوبہ مولانا عبدالحق ہاشمی ،جعفرآباد کے نومنتخب امیرضلع محمدامین بگٹی ، نصیرآباد کے نومنتخب امیرضلع خاوند بخش مینگل،صحبت پور کے نومنتخب امیر ضلع عبدالصمد کھوسہ اور اوستا محمد کے نومنتخب امیر محمدابراہیم زہری نے اپنی ذمہ داریوں کا حلف لیا، اس موقع پر صوبائی رہنماء مولانا محمدعارف دمڑ،بشیر احمدماندائی ،مولانا محمدایوب منصور،مولانا عبدالواحد زہری،پروفیسر محمدابراہیم ابڑو نے بھی خطاب کیا ،اورجماعت اسلامی کے تمام نومنتخب ذمہ داران کی کامیابی اور صبراستقامت کی دعا کی۔