قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے تکنیکی معاونت کی ضرورت ہے ، وزیراعلیٰ

  • October 29, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 41 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر اگنیکیو ارتزا (Mr. Ignacio Artaza) نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران بلوچستان سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اسٹریٹیجی کے تحت مختلف شعبوں کی ترقی اور محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے یو این ڈی پی کے تعاون سے جاری پروگراموں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ صوبائی محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے وسیع پیمانے پر معاونت کررہا ہے اور تکنیکی تعاون بھی فراہم کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ نے یو این ڈی کی معاونت کو صوبے کی مجموعی ترقی کے لئے کارآمد قراردیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کی ترقی اور انہیں بروئے کار لانے کے لئے ہمیں تکنیکی معاونت کی ضرورت ہے اور حکومت یو این ڈی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو سراہتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاونتی ادارے بلوچستان میں اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دے کر ہمارے نوجوانوں کو سی پیک اور دیگر منصوبوں کے لئے تربیت فراہم کریں تاکہ صوبے میں ہنر مند افرادی قوت تیار ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ محنت وافرادی قوت، محکمہ صنعت اور محکمہ لائیو اسٹاک کی استعداد کار میں اضافے کو بھی ناگزیر قرار دیا۔ یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ بلوچستان کی ضروریات کے تناظر میں ان کا ادارہ اپنی معاونت کو وسعت دے گا۔