کوئٹہ اور صوبے کے مختلف شہروں میں شہداء کربلا کے چہلم کے ماتمی جلوس نکالے گئے

  • October 30, 2018, 11:31 pm
  • National News
  • 87 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک ) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور صوبے کے مختلف شہروں میں شہداء کربلا کے چہلم کے ماتمی جلوس نکالے گئے ،کوئٹہ میں علمدارروڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے برآمد ہوئے ،مرکزی ماتمی جلوس میں 22دستے شامل تھے ،جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ،جلوس کی سیکیورٹی پر 5ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے ،جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کررہے تھے جبکہ کوئٹہ میں تین تھانوں قائد آباد ،گوالمنڈی اور بروری میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی صبح 9بجے سے رات 9بجے تک موبائل سروس معطل رہی ،جلوس کے روٹ پر آنیوالی تمام دکانوں اور راستوں کو سیل کیا گیا تھا اور سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں کو خصوصی پاسز جاری کئے گئے تھے ،ملحقہ پہاڑوں اور میدانوں میں سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے ،جلوس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی گئی ،ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایاکہ جلوس کی سیکیورٹی پر مجموعی طورپر 5ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ،پولیس نے دیگر اداروں کیساتھ ملکر چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے بھر پور انتظامات کئے تھے کوئٹہ میں مری آباداور ہزارہ ٹاؤن میں جلوس برآمد ہوئے تھے ،پولیس کے علاوہ فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے شہر میں بھی سیکیورٹی کو موثر بنایا گیا ،انہوں نے کہاکہ جلوس کے تمام راستے عام لوگوں کی آمد ورفت کیلئے بند کئے گئے تھے ،انہوں نے کہاکہ جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی کی گئی ہے اور تمام جلوس کے تمام راستوں کو سوئیپنگ اور سرچنگ کے بعد دکانوں ،مارکیٹوں اور پلازوں کو گزشتہ شب سیل کردیا گیا تھا ،سیکیورٹی کو ہر لحاظ سے مضبوط بنایا گیا تھا ،بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا نے کہاکہ ہم حکومت اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہے اور ہم نے مغرب سے پہلے شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس کو ختم کردیا ،سیکیورٹی کے حوالے سے حکومت اور انتظامیہ کے بھر پور اقدامات کرنے پر ہم پولیس ،انتظامیہ اور حکومت کے شکر گزار ہیں،ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس نکالے گئے اس موقع پر جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے متعلقہ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔