پارٹی قیادت کو دیوار سے لگانے کے نتائج اچھے نہیں ہونگے ، قادر بلوچ

  • November 1, 2018, 12:23 am
  • National News
  • 66 Views

کوئٹہ (این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے ضلعی صدور ،جنرل سیکرٹریز کی ایک روزہ کانفرنس زیر صدارت پارٹی کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ منعقد ہوئی،اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید ال خان ناصر نے کانفرنس میں پارٹی رپورٹی پیش کی ،جس میں اضلاع میں تنظیم کاری پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے قیام اور پارٹی کو درپیش چیلنجز وغیر ہ شامل تھے ،اجلاس میں صوبے بھر سے آئے ہوئے ضلعی صدور نے پارٹی کو فعال بنانے سے متعلق تجاویز دیں،کانفرنس میں صوبائی صدر عبدالقادر بلوچ نے ان تجاویز کی روشنی میں کانفرنس میں شریک مندوبین کی مشاورت سے چند فیصلوں کا اعلان کیا ،جن میں قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے نامزدہ کردہ تمام ضلعی صدور،جنرل سیکرٹریز بدستور اپنی پرانی پوزیشن پر کام کریں گے ،اور جن اضلاع کے عہدیداران پارٹی چھوڑچکے میں ان اضلاع میں پارٹی کو از سر نو فعال بنانے کیلئے صوبائی کابینہ میں مشاورت کے بعد تنظیموں کا اعلان کیا جائیگا ،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہواکہ پارٹی کے صوبائی کونسل سیشن کے ذریعے صوبائی کابینہ کا انتخاب صوبائی کونسل کے ذریعے کیا جائیگا اور ہر ضلع کے صدر ،جنرل سیکرٹری صوبائی کونسل کے رکن ہوں گے ،اور ہر ضلع سے 5صوبائی کونسلران کا انتخاب بھی ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹری کی تواب دید پر ہوگا ،اور ہر ضلع سے 7کونسلران کی فہرست صوبائی جنرل سیکرٹری کو تمام اضلاع پارٹی کو ضلعی ،تحصیل ،پرائمری سطح پر فعالیت کی رپورٹ 2ماہ کے اندر اندر پیش کرنے کے پابند ہوں گے ،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ جن عہدیداران نے آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ،جمال شاہ کاکڑ ،صوبائی سینئر نائب صدر کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی ان عہدیداران سے رابطہ کرکے وجوہاٹ کی رپورٹ صوبائی صدر،جنرل سیکرٹری کو پیش کرے گی ،اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نے کہاکہ پارٹی کی مقبول قیادت کو دیوار سے لگانے کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے،من گھڑت مقدمات سے نہ پہلے کچھ نکالا اور نہ اب کچھ نکلے گا ،اپنے خطاب میں سیدال خان ناصر نے کہاکہ ملک اس وقت ایک مصنوعی قیادت کے حوالے ہے اور وینٹی لیٹر سے 5سال کا عرصہ چلانا نا ممکن ہے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑنے کہاکہ ہم اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیاستدانوں کو دیوار سے لگا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ناممکن ہے ،اجلاس سے ملک رحیم کاکڑ ،ملک ظاہر کاکڑ ،طارق بٹ ،اسد سمالانی ،میر گل رند،محمد حسین گولہ،اٹل خان ،سید ظاہر آغاسمیت مقررین نے خطاب کیا ،اجلاس میں قراردادیں پیش کی گئیں۔