گوادر کے گہرے پانی کی طرح ہمارے دل بھی بڑے ہیں، وزیراعلیٰ

  • November 1, 2018, 12:30 am
  • National News
  • 55 Views

گوادر(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر میں ایشیئن پارلیمنٹری اسمبلی کے اجلاس کے کامیاب انعقاد کو اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس کے انعقاد کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور بین الاقوامی سطح پر گوادر کی اہمیت مزید اجاگر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیئن پارلیمنٹری اسمبلی کے مندوبین کے اعزاز میں اپنی جانب سے گذشتہ شب دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام صدر وچیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح گوادر میں گہرے پانی کی بندرگاہ موجودہے اسی طرح ہمارے دل بھی بڑے ہیں۔ خطہ مکران اپنی اعلیٰ روایتوں کا امین ہے اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے مکران اور بلوچستان کو قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وسائل کو بروئے کار لانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان اور بلوچستان ترقی کرے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن کے حوالے سے مندوبین کو آگاہی فراہم کی گئی ہے اور انہوں نے اپنے قیام کے دوران خود بھی گوادر کی ترقی اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کا مشاہدہ کیا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ مندوبین اپنی پارلیمنٹ اور سرمایہ کاروں کو بلوچستان اور خاص طور سے گوادر میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر قائم مقام صدر وچیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا انعقاد ان کی کوششوں کی بدولت ممکن ہوسکا۔ تقریب سے ایشیئن پارلیمنٹری اسمبلی کے جنرل سیکریٹر ی، مختلف ممالک کے مندوبین ،سینٹ میں قائد حزب اختلاف اور پارلیمانی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر لوک موسیقی بھی پیش کی گئی۔