الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت

  • November 1, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 137 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرو قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی دھاندلی ودیگر سے متعلق انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز صوبائی وزیر میر ضیاء اللہ لانگو کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزار میر سعید لانگو کی انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈوکیٹ، صوبائی وزیر ضیا لانگو کی جانب سے نادر چھلگری ایڈوکیٹ ، ایڈوکیٹ جنرل،الیکشن کمیشن کا نمائندہ الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران 3 گواہان کے بیانات قلمبندکرلئے گئے اور ان پر جرح مکمل کرلی گئی جس کے بعد الیکشن ٹربیونل نے سماعت3 نومبر تک ملتوی کردی۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر زبیدہ جلال کے حلقہ انتخاب سے متعلق انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار جان محمد دشتی کی جانب سے نادر چھلگری ایڈوکیٹ جبکہ وفاقی وزیر کی جانب سے امیر ترین ایڈوکیٹ ،ایڈوکیٹ جنرل، الیکشن کمیشن کا نمائندہ بھی الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت گواہان کی عدم پیشی کے باعث بغیر کسی پیشرفت کے 3نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔