عدالت نے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنادی

  • November 2, 2018, 11:39 pm
  • National News
  • 100 Views

کوئٹہ(آئی این پی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب جناب سید منیرآغا نے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنادی ۔ملزم کو 3لاکھ روپے کی کمپنسیشن کی ادائیگی کابھی حکم دیاگیاہے ۔استغاثہ کے مطابق ملزم جمعہ گل نے سال 2014ء میں کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس پر شالکوٹ تھانہ کی حدود میں فائرنگ کرکے برات خان نامی شخص کو قتل کردیاتھا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے چالان عدالت میں پیش کیا گزشتہ روز قتل کا جرم ثابت ہونے پرعدالت کے جج نے ملزم جمعہ گل کو سزائے موت اور 3لاکھ روپے کمپنسیشن کے طورپر ادا کرنے کی سزاسنائی ۔رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید6 ماہ قید بھگتناہوگی ۔دریں اثناء عدالت نے ملزم جمعہ گل کو پسٹل برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر بھی 3سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزاسنادی ہے ،عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو مزید 6ماہ قید بھگتناہوگی ۔دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ III جناب اعجاز احمد لانگو نے قتل اور اقدام قتل کی مقدمہ میں نامزد 4ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان کامران منیر ،سلمان منیر ،محمد یونس اور نصیراحمد نے سال 2015ء میں تھانہ بروری کے علاقے میں رشتے کی تنازعہ پر خنجر کے وار کرکے غلام فاروق نامی شخص کو قتل جبکہ ان کے والد غلام سرور اور بھائی ثاقب کو شدید زخمی کردیاتھا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا تھا گزشتہ روز قتل اور اقدام قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت کے جج نے ملزمان کامران منیر،سلمان منیر،محمد یونس اور نصیراحمد کو عمر قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنادی عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزمان کو مزید چھ ماہ قید بھگتناہوگی ۔