انتخابی عذرداری ، کیسز کی سماعت ،ریٹرننگ آفسیرکے بیانات قلمبند

  • November 2, 2018, 11:40 pm
  • National News
  • 89 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونلز کے روبرو قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی دھاندلی ودیگر سے متعلق دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے روبرو پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کے حلقہ انتخاب سے متعلق میر عاصم کردگیلو کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران رکن اسمبلی کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ جبکہ درخواست گزار کی طرف سے عامر نواز رانا ایڈووکیٹ الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران دوگواہان کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی الیکشن ٹریبونل نے آئندہ سماعت پر میر عاصم کردگیلو کو بیان کیلئے طلب کرلیاجس کے بعد سماعت کو 6نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔اس کے علاوہ ٹریبونل کے روبرو بلوچستان نیشنل پارٹی کے نواب زادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران رکن اسمبلی اور ان کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ریاض احمد ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران ریٹرننگ آفیسر سمیت 4گواہان کے بیانات قلم بندکرلئے گئے اور ان پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں سماعت کو3نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔دریں اثناء الیکشن ٹریبونل کے روبرو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت بغیر کسی پیشرفت کے 6نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔ٹریبونل کے روبرو ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سرداربابر موسیٰ خیل کے حلقہ انتخاب سے متعلق انتخابی اپیل کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ پرائزیڈینگ آفیسر کا بیان قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں سماعت کو5نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزار عیسیٰ روشان کی جانب سے دائرانتخابی اپیل کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران رکن قومی اسمبلی کی جانب سے منیر سکندر ایڈوکیٹ، درخواست گزار کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈوکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران 3 گواہان کے بیانات قلمبندکرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں سماعت کو 5 نومبر تک ملتوی کردیاگیا۔اسی طرح رکن بلوچستان اسمبلی عبدالواحد صدیقی کے حلقہ انتخاب سے متعلق انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران 3گواہان کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی ۔بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے سماعت کو6نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا۔