تعلیم ذریعہ معاش کے ساتھ ساتھ احساس ذمہ داری کا نام ہے ، گورنر یاسین زئی

  • November 2, 2018, 11:40 pm
  • National News
  • 44 Views

کوئٹہ(خ ن)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ تعلیم نہ صرف ہر قسم کی بنیادہے بلکہ ذریعہ معاش کے ساتھ ساتھ ایک احساس ذمہ داری کا نام بھی ہے۔ معاشرے میں تعلیم کے خواب کی تعبیراسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنی ذمہ داریوں کو لگن اور دیانتداری سے نبھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پرائیوٹ اسکولز فاؤنڈیشن کے چیئرمین جعفر خان کاکڑ کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری نذر محمد بڑیچ ، زینت یوسفزئی ، یاسمین عزیز ، حضرت علی کوثر ، نجیب علی ، امیر عمر کاکڑ اور حاجی سلیم ناصر بھی موجود تھے ۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے بھر میں لاکھوں طلباء و طالبات پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ تعلیم کے فروغ ، روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور تعلیمی نظام میں فعال کردار کے حوالے سے تمام سرکاری اداروں کے علاوہ پرائیوٹ اسکولز فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور نجی اداروں کے اساتذہ اکرام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے شعورکو اجاگر کرنے اور نئی نسل کے اذہان کو جدید علمی چھان بینی سے روشن کرنے میں نجی تعلیمی اداروں کا کلیدی کردار رہا ہے ۔ گورنر نے ان کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے بھی اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔