ناجائز اثاثہ جات وغیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں گواہاں کے بیانات قلمبند

  • November 5, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 172 Views

کوئٹہ(آئی این پی)احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو آمدن سے زائد اثاثہ جات ،غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنسز کی سماعت کے دوران گواہان کے بیانات قلم بند کرلئے گئے ۔گزشتہ روز کمشنر آفس کے زیلی دفتر ڈائریکٹریٹ ڈویلپمنٹ کے گرفتار سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق ودیگر کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران گواہ کا بیان قلم بندکرلیاگیا بلکہ اس پر جرح بھی مکمل کرلی گئی بعدازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 15نومبر تک کیلئے ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے ریفرنس میں نامزد ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کاالزام ہے ،احتساب عدالت کوئٹہ ون کے ہی روبرو محکمہ تعلیم میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالکریم کیازئی عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران گواہ کا بیان قلم بند کرلیاگیا بلکہ جرح مکمل ہونے پر سماعت کو 22نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہII کے جج جناب پذیرا حمد بلوچ کے روبرو خضدار لیویز کی تنخواہوں کی مد میں کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ملزمان سابق سیکرٹری نسیم لہڑی اور عمر بابر سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ ودیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے ریفرنس کی پیروی ریاض ترین ایڈووکیٹ نے کی سماعت کے دوران ملزمان کے وکلاء کی جانب سے حتمی بحث کی گئی جو آئندہ سماعت پر بھی جاری رہنے کاامکان ہے بعدازاں سماعت کو ملتوی کردیا گیا ۔