صوبے بھر میں پانی کی گرتی ہوئی سطح خطرناک شکل اختیار کرچکی ہے ،گورنر یاسین زئی

  • November 5, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 105 Views

کوئٹہ (خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں پانی کی گرتی ہوئی سطح خطرناک شکل اختیار کرچکی ہے اور گزشتہ تین عشروں سے خشک سالی سے صوبے کی زراعت ، مالداری اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا فقدان اور قلت آب کی صورتحال میں بہتری کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو کھیت اور باغات بنجر ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سو موار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں شائستہ خان کی قیادت میں مسلم باغ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر نے صوبے میں بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات اور نئے حالات کے مطابق صوبے بھر میں قلت آب کے مسئلے پر قابوپانے اور چھوٹے بندات کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی مناسبت سے جامع حکمت عملی وضح کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ گورنر نے کہا کہ پانی کے استعمال کے حوالے سے عوام میں اجتماعی احساس اجاگر کرنے کیلئے آگہی مہم چلانے کی ضرور ت ہے اس ضمن میں قلت آب پر قابوپانے کیلئے ہم متعلقہ محققین اور ماہرین کی مشاورت سے آبی ذخائر میں تیزی سے بہتری لاسکتے ہیں ۔گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے تعلیم کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ دنیا میں کوئی بھی ایسی قوم نہیں جس نے اپنے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم دیئے بغیر قومی ترقی کے اہداف حاصل کیئے ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع واشک اور بسیمہ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے رکن صوبائی اسمبلی میر ضابط ریکی کررہے تھے ۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں بالخصوص دور افتادہ اضلاع میں تعلیم اور صحت کے محکموں میں تمام متعلقہ ملازمین کی حاضریوں کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت پر عزم ہے ۔ بچوں کے مستقبل کی تباہی کا باعث بننے والے سرکاری ذمہ دار افراد کو کوئی رعایت نہیں دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر ترقی کی بنیادہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلا امتیاز معاشرے کے تمام غریب اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے معاشی زندگی کے شکار طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے ۔ گورنر نے واشک اور بسیمہ کے عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔