زیارت ، آل پارٹیز کا قبائلی رہنماء کے گھر کو نذرآتش کئے جانے کیخلاف قومی شاہراہ پر دھرنا

  • November 6, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 65 Views

کوئٹہ( ویب ڈیسک) زیارت شہر میں موجود قبائیلی شخصیت ملک گل رنگ زیب کاکڑ کے کے گھر کو نذر آتش کرنے کے پر افسوس ناک واقعے کے خلاف زیارت کے آل پارٹیز اور شہریوں کی جانب سے مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی اور زیارت کوئٹہ ،سنجاوی مین روڈ کو زیارت شہر کے مین چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج اور بند کیا گیا او رمظاہرین کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی ۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سردار قاسم خان سارنگزئی ،ملک حبیب اللہ کاکڑ ،ملک گل رنگ زیب کاکڑ ، نورمحمدپانیزئی ،امین اللہ پانیزئی ، میر عالم افغان ، مولوی عبدالحکیم ودیگرکا کہنا تھا کہ اسلام او رہمارے قبائلی معاشرے میں اس طرح کے واقعات کا قطعاً اجازت نہیں ہے ،ز یارت ایک پرامن علاقہ ہے ،رونما ہونے والایہ عمل انسانیت سوزہے ۔چند سالوں سے زیارت کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔زیارت پر موجود انکے بنگلے کو آگ لگانا اور پھر فرار ہونا انتہائی تعجب خیز ہے ،اگر اس طرح کے بڑے بڑے واقعات میں ملوث عناصر نہیں پکڑے گئے تو پھر یہ حکومت کی بدترین ناکامی ہوگی۔احتجاج میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور ٹائر جلا کر مین سڑک پر
بیٹھے رہے اور ٹریفک کی رونی معطل رہی ۔مظاہرین کے مطالبات تھے کہ اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتا ر کرکے سخت سزا دی جائے ، آگ کے باعث جل کر ہونے والے نقصان کا ازالہ کیاجائے ۔ اس کے علاوہ زیارت میں فائر بریگئیڈ کے نہ ہونے کے باعث بھی رات کو جلد آگ پر قابو نہ پایا جائیگا جس سے ذیادہ نقصان ہوا اور یہ کہا گیا کہ زیارت کے لئے ایک فائر بریگیڈ دیا جائے ۔ مظاہرین کی جانب سے روڈ پر ٹائرز جلاکربلاک کئے جانے پر اسسٹنٹ کمشنر زیارت عبدالمجید سرپرہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسرار احمد عمرانی پہنچے او رانہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ صرف ملک گل رنگ کے ساتھ پیش نہیں آیا ہے بلکہ یہ ہم سب کا گھرہے اور انشاء اللہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرینگے اور سلسلے میں تفتیش شروع کی ہوئی ہے ۔شرپسند عناصر زیارت کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم سب متحد ہیں اور ان شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور کسی کو بھی زیارت کے امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یقینی دہانی پر مظاہرین کی جانب سے احتجاج موخر کردیاگیا اور روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیاگیا ۔