نیشنل پارٹی بلوچستان کے حلقہ پی بی 47کے ضمنی انتخابات میں بھر پورحصہ لے گی ،ڈاکٹر مالک بلوچ

  • November 6, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 47 Views

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کی پانچویں مرکزی کانگریس کے کامیاب انعقاد کے بعد نیشنل پارٹی کی نومنتخب مرکزی کمیٹی کا پہلا اجلاس پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں پارٹی کے سابق صدر میرحاصل خان بزنجو نے خصوصی طور پرشرکت کی اجلاس میں مرکزی کانگریس میں سیاسی و قومی مسائل کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی ترتیب دی گئی اور درجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔اجلاس نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدرمختار باچا اور ڈاکٹرسرفراز احمد کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ 5دسمبر 2018ء تک پارٹی منشور میں سوشل ڈیموکریسی کے تصور کواجاگر کرنے کے حوالے سے پارٹی کی آئینی کمیٹی کو ایک مفصل تحریر پیش کریں گے جس کا آئینی کمیٹی جائزہ لے کر حتمی شکل دینے کیلئے پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کریگی۔اجلاس میں بلوچستان کے حلقہ پی بی 47کے ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیاگیا پارٹی کے مرکزی سیکرٹری فنانس فدا حسین دشتی پارٹی کے نامزد امیدوار ہونگے۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا دوسرا اجلاس دسمبر کے آخری ہفتے میں گوادر یا کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ نیشنل پارٹی کے تمام صوبائی ،ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پارٹی کو فعال و متحرک کرنے کیلئے بھر پور کوشش کریں پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ممبران پارلیمنٹ سماجی ،سیاسی معاملات کو سینٹ کے پلیٹ فارم پر اجاگر کریں اور اپنی سرگرمیوں کو پرنٹ و سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کرانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن میں پیدا ہونے والے اختلافات کو حل کرنے کیلئے میر طاہربزنجو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خیر جان ، آصف جمالدینی اور نظام رند ہونگے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ضلعی تنظیموں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تین مہینے کے اندراندر قائم آرگنائزنگ کمیٹیوں کو ختم کرکے باقاعدہ پارٹی کابیناوں کی تشکیل عمل میں لائیں ضلعی تنظیموں کو فعال و متحرک کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ایڈووکیٹ ناظم الدین کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ پارٹی کے اندرونی مسائل و مشکلات کے حوالے سے ایک تفصیلی تحریری رپورٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ضلعی تنظیمیں ملک بھر اور خصوصاً بلوچستان میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں شروع کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی کانگریس میں مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی ، پنجاب وحدت کے صدر ملک ایوب ،کے پی کے وحدت کے صدر مختار باچا ،سندھ وحدت کے صدر رمضان میمن ،میرطاہر بزنجو پر مشتمل آئینی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تمام ضلعی تنظیمیں آئینی ترامیم سے متعلق اپنی تجاویز 5دسمبر تک مرکزی سیکرٹریٹ میں پہنچادیں ۔آئینی کمیٹی کا اجلاس 10دسمبر کو کراچی میں طلب کیاگیا ہے ۔