ملک کیلئے پشتونوں کی قربانیاں کسی سے بھی کم نہیں ، پشتونخوامیپ

  • November 8, 2018, 12:38 am
  • National News
  • 71 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ برصغیر پاک وہند کے آزادی کے قافلے کے عظیم رہنماء خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے ویژن ، جدوجہد اور قربانیاں قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں جنہوں نے فرنگی استعمار کے خلاف آزادی کا علم بلند کرکے محکوم اقوام اور مظلوم عوام کو حقیقی نجات کی راہ پر گامزن کیا اور فرنگی استعمار سے نجات کے بعد ملک کے آمر حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے یہاں کے مظلوم اقوام وعوام کے حقوق و اختیارات کے حصول کی منزل کا حقیقی تعین کیا ۔ اور یہاں کے مظلوم اقوام وعوام کو اسمبلی سمیت اپنے ووٹ کے مالک بننے کے مقام تک پہنچایا ۔ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے اراکین ضلعی معاون سیکرٹریوں ندا سنگر، فاروق خان وطن شاداور علاقائی ایگزیکٹیوز سمیع اللہ خان ، حاجی عبدالمنان ، محمد رفیق اور راز محمد مظلوم یار نے خیبر یونٹ ، ودان یونٹ ، استاد ترہ کئی یونٹ ، وطن دوست یونٹ اور خان احمد جان یونٹ اور کلی کتیر تاجوال ابتدائی یونٹوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یونٹوں کے اجلاسوں میں تنظیمی امور کے علاوہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 45ویں برسی کے انعقاد کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 45ویں برسی کے تاریخی جلسہ کی تیاریوں کیلئے پروگراموں کے انعقاد کو مزید وسیع کیا جائیگا اور ہر ادارے کے عہدیداروں اور کارکنوں کی اس میں شرکت ضروری ہے ۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے اکابرین ، قیادت ، کارکنوں اور غیور پشتون ملت کی اس ملک کی آزادی اور اس کے قیام کے بعد اس کی ترقی وخوشحالی ، جمہوریت ، آئین وقانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری اور ان کے حقوق واختیارات کے حصول کیلئے قربانیاں اور جدوجہد کسی سے بھی کم نہیں بلکہ فرنگی استعمار کے خلاف آزادی کی جدوجہد میں پشتون غیور ملت نے اپنے اکابرین کی قیادت میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اس تاریخ ساز جدوجہد پر ہمیں فخر ہے ۔ لیکن آج ملک کے ہر شعبہ زندگی میں پشتون عوام کے ساتھ تیسرے درجے کی شہری کا سلوک روا رکھا جارہا ہے اور تمام پشتونخوا وطن پر بدترین دہشتگردی مسلط کرکے ہر روز ہمارے معصوم عوام کا قتل عام جاری ہے جبکہ ملک کے ہر صوبے اور ان کے تمام علاقوں میں پشتون عوام کے ساتھ بدترین تعصب پر مبنی انسانیت دشمن ناقابل برداشت منفی رویہ اپنا کر شناختی کارڈ کے نام پر ہمارے شہریت تک کو چیلنج کیا جارہا ہے اورسبی سے لیکر سوات تک پشتونخوا وطن میں پشتون عوام زندگی کے ہر قسم کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھ کر ان پرزندگی کے ہر شعبے میں سنگین مشکلات سے دوچار کرکے رکھ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال سے نجات کیلئے مسلسل منظم اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد کے سوا کوئی چارہ نہیں تمام عہدیدار اور کارکن اپنی فعالیت کو دوبالا کرتے ہوئے جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنے میں فعال کردار ادا کرے۔