حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا ارادہ نہیں ،ثناء بلوچ

  • November 8, 2018, 12:38 am
  • National News
  • 76 Views

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے حکومتیں بنتی اورگرتی ہیں ، حق حکمرانی ادا کرنے والی جماعتیں ہی حکومت کرسکیں گی کسی کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد کا ارادہ نہیں تاہم تعداد پوری ہونے پر ہم خود ہی حکومت میں آئیں گے ،قائد حز ب اختلاف کے نا م پر مشاورت جاری ہے یہ بات انہوں نے بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ یہ حکمرانوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح حکمرانی کرتے ہیں موجودہ صورتحال میں حکومت کو جو کردار ادا کرنا چاہیئے تھا وہ اس نے ادا نہیں کیا جس کے باعث موجودہ حکومت عوامی اعتماد کھو چکی ہے اس طرح حکومتیں نہیں چل سکتیں،حکومت مسائل کواجاگر اور انھیں حل کرنے میں سنجید ہ نظر نہیں آرہی ہے اور ہم حکومت کو اس حال پر نہیں چھوڑ سکتے اور نہ ہی حکومت کواہم مسائل پر خاموش بیٹھنے کی اجازت نہیں دینگے انھوں نے کہا کہ خشک سالی، این ایف سی ایوارڈ،سیندک پروجیکٹ اور پی ایس ڈی پی سمیت دیگر اہم مسائل پر اپوزیشن نے آواز بلند کی ہے کیونکہ ہماری ترجیحات میں بلوچستان کے عوام کے مسائل شامل ہیں جن پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے ثناء بلوچ نے کہا کہ اور آج بھی شہری اپنے بنیادی مسائل کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کے گھروں کا رخ کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ اعدادشمارمیں کمی کے باعث حکومت قائم نہیں کرسکے لیکن جب اعداد شمار پورا ہوگا بلوچستان میں بی این پی حکومت قائم کریگی انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور بی این پی کے درمیان معاہد ہ صرف اسمبلی تک نہیں بلکہ یہ ایک بہت بڑا معاہدہ ہے اور دونوں جماعتیں مشاورت کے بعد اپوزیشن لیڈر کا انتخاب عمل میں لائیں گی۔