لاپتہ افراد کے لواحقین کی احتجاجی ریلی

  • November 8, 2018, 11:06 pm
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ( ویب ڈیسک) بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی کوئٹہ پریس کلب سے ریڈ زون تک احتجاجی ریلی، ضلعی انتظامیہ نے شرکاء کو وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرنے سے روک دیا ،ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے ۔ گزشتہ روزکراچی سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے بلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن ( بی ایچ آر او ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شبیر بلوچ کے اہلخانہ سمیت دیگر لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے کوئٹہ پریس کلب سے ریڈ زون تک احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکاء وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے جنہیں ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں داخلہ سے روک دیا ۔ اس موقع پر مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شبیر بلوچ کے لواحقین نے کہا کہ ہم اپنے پیاروں کیلئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ ہمیں خاموش احتجاج بھی کرنے نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ سالوں سے ہمارے لوگ مبینہ طور پر لاپتہ ہیں ۔ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرکے شبیر بلوچ سمیت دیگر مبینہ طو ر پر لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے حوالے سے بات کرناچاہتے ہیں بعدازاں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے لاپتہ افراد کے لواحقین کو آج وزیراعلیٰ سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی پرنصراللہ بلوچ کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ توقع ہے موجودہ حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق اقدامات کرے گی وزیراعلیٰ سے ملاقات میں انکو صورتحال سے آگاہ کرینگے ۔