انتخابی عذردار ی کی سماعت، گواہان کے بیانات قلمبند

  • November 9, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 84 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرورکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین اور رکن صوبائی اسمبلی میر نعمت اللہ زہری کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن قومی اسمبلی مولاناکمال الدین کے حلقہ انتخاب میں مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواست گزار محمد عیسیٰ روشان کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران رکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین کی جانب سے منیر سکندر ایڈوکیٹ جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ان کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران 3گواہان کے بیانات قلم بند کرلئے گئے بلکہ ان پر جرح بھی مکمل کرلی گئی بعدازاں ٹریبونل نے سماعت 13نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔دوسری جانب ٹریبونل کے روبرو رکن بلوچستان اسمبلی میر نعمت اللہ زہری کے حلقہ انتخاب میں انتخابی دھاندلی ودیگر سے متعلق درخواست گزار میر ظفر زہری کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران رکن اسمبلی نعمت زہری کی جانب سے ان کے وکیل نادر چھلگری ایڈووکیٹ جبکہ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عامر لہڑی ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے ،سماعت کے دوران درخواست گزار میرظفر زہری نے اپنا بیان ریکارڈکرادیا بعدازاں ٹریبونل نے سماعت کو16نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا۔