خان شہید نے قومی واک واختیار کیلئے جدوجہد کی ، نصیراللہ زیرے

  • November 11, 2018, 11:25 pm
  • National News
  • 63 Views

کوئٹہ(پ ر) خا ن شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 45ویں برسی کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں کچلاغ شرقی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام کلی سٹیشن میں عوامی اجتماع پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجتماع سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ ،جمال خان ترہ کئی ، فاروق وطن شاد، نصیر احمد کاکڑ اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کے نام سے نئے ابتدائی یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا اور نو منتخب ایگزیکٹو سے یوسف خان کاکڑ نے حلف لیا ۔ مقررین نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 45ویں برسی کے حوالے سے منعقد ہونیوالے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اور تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسے میں بھرپور شرکت کرے۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اس خطے کے عظیم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے انہوں نے قومی آزادی ،جمہوریت ، قومی واک واختیار کیلئے جدوجہد کی اور اس راہ میں طویل قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی۔ انہوں نے کہاکہ فرنگی استعماری قبضے کے خاتمے اور ملک کے قیام کے بعد اقتدار پر استعماری وآمرانہ اور جاگیردار طبقات کے قبضے اور قوموں وعوام کے حقوق واختیارات سے انکار کیخلاف خان شہید اورپشتون قومی تحریک نے ملک کے دیگر محکوم اقوام کی قومی جمہوری تحریکوں کے ساتھ ملکر جدوجہد وقربانیاں کی اورجمہوریت اور جمہور کی حکمرانی کے تحریکوں میں خان شہید اور پارٹی کے چےئرمین محمود خان اچکزئی اور پشتونخوامیپ نے اہم رول ادا کیا ۔ ملک میں متفقہ آئین کے بننے میں رکاوٹیں ، ون یونٹ کا نام نہاد نظام ، ملک کے اقتدار پر آمرانہ قوتوں کے قبضے کیخلاف جمہوریت کی بحالی ، قوموں کی برابری ، عوام کے جمہوری حقوق واختیارات کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دی ۔ مقررین نے پشتونخوامیپ کے عہدیدار ان اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 2دسمبر کے جلسے کی کامیابی کیلئے رات رات محنت کرے اور کوئٹہ کے باشعور ، غیور اور جمہوریت پسند عوام اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔