بلوچستان میں قلت آب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں، صدر مملکت

  • November 14, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 62 Views

کوئٹہ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم سب کا خواب پر امن اور خوشحال پاکستان ہے، ملک کی ترقی کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بلوچستان میں آبی قلت کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کررہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے دیرپا اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صوبائی کابینہ اراکین اسمبلی قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزراء4 سمیت اعلی سول حکام بھی موجود تھے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کوئٹہ میں سیوریج کے پانی کو قابل دوبارہ استعمال بنانے کیلئے منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جبکہ دورہ کوئٹہ کے دوران گورنر بلوچستان سے صوبے میں مزید جامعات کے قیام کیلئے بات ہوئی، صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقعوں کی فراہمی کے لئے قابل عمل اقدامات ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ تجارتی و سفری سرگرمیوں میں تیزی کے لئے گوادر سے کوئٹہ تک ریلوے لائن کا قیام اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی کوسٹل لائن ملک کی سب سے بڑی ساحلی پٹی ہے جس سے سالانہ دس ارب روپے کی فشریز برآمد ہوسکتی ہیں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صدر مملکت کی ذمہ داری وفاقی معاملات کو دیکھنا ہے دورہ کوئٹہ میں ان سب معاملات پر صوبائی کابینہ سے بات ہوئی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کیلئے موسم سرما میں گیس قیمتوں میں رعایت کیلئے متعلقہ فورم پر بات کی جائے گی۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی وفاقی وزراء4 اور اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے گھر گئے جہاں انہوں نے قاسم خان سوری سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت و فاتح خوانی کی قبل ازیں صدر مملکت عارف علوی منگل کے روز ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تو ائیر پورٹ پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزراء4 اراکین اسمبلی اور اعلی سول حکام نے صدر مملکت کا استقبال کیا گورنر ہاوس کوئٹہ پہنچنے پر بلوچستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ گورنر ہاوس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ ) امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا صدر مملکت عارف علوی سے بلوچستان کابینہ اور اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے میں آبی قلت کے معاملات سمیت عوام کی بہبود کے لئے جاری اقتصادی و معاشی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔