بلوچستان کے وسائل سے استفادہ کیلئے دوست ممالک کو خوش آمدید کہیں گے ، جام کمال

  • November 14, 2018, 10:59 pm
  • National News
  • 133 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین گیرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزیدمضبوط ہو رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ بھی بڑھ رہا ہے، حکومت بلوچستان ترک سرمایہ کاروں کو صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے ہرممکن معاونت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر آئی مصطفی یرڈیکلMr. I Mustafa Yurdakulسے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیرا علیٰ نے ترکی کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترک تعلقات میں مزید گہرائی آتی جارہی ہے اور دونوں ممالک کے مابین عوامی تعلقات فروغ پار ہے ہیں جس سے دونو ں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ ترکی مسلمان ممالک کے لئے ایک روڈ ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ، وزیر اعلیٰ نے ترکی کے سفیر کو صوبے کے مختلف شعبوں بالخصوص معدنیات، ماہی گیری اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے روشن امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں مختلف قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور یہاں معدنی صنعت کے فروغ کی بہت گنجائش موجود ہے ، وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سی پیک اس خطہ کی ترقی اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریگاجس سے تمام ممالک منافع اٹھاسکتے ہیں تاہم اس سلسلے میں حکومت تکنیکی ماہرین اور افرادی قوت کی تربیت کے لئے کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دوست ممالک سے بھی تعاون جاری ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستا ن کے شعبہ ماہی گیری اور ساحلی علاقوں کی ترقی کے شعبہ میں بھی بہترین سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے،جبکہ بلوچستان کا ساحل سیاحت کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت اقدامات اٹھارہی ہے اوراس سلسلے میں ترک حکومت کی معاونت کا خیر مقدم کریگی ، امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہاکہ گذشتہ کچھ سالوں میں بلوچستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم اب امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول موجود ہے،حکومت افغانستان سے منسلک سرحد پر باڑ لگا رہی ہے جس سے دہشت گردی اور غیر قانونی آمدو رفت میں نمایاں کمی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں اتنے وسائل موجود ہیں جس سے نہ صرف یہ صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی کرسکتا ہے تاہم ان وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے صوبائی حکومت دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر خوش آمدید کہے گی اور انہیں بہتر سے بہتر سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترکی کے ساتھ بذریعہ سڑک اور ریل کے تجارتی روابط کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے اس سلسلے میں مزید بہتر حکمت عملی طے کرنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر ترکی کے سفیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ترقی کے وژن کو سراہتے ہوئے ترک حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجودہیں جس سے ترک سرمایہ کار منافع بخش سرمایہ کاری کر سکتے ہیں،ترک سفیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تہذیبی وثقافتی روابط کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ اور ترک سفیر نے یادگاری شیلڈ کا تبادلہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کوریا ریپلکن کے سفیرMr.Kwak Sung-kyuنے بدھ کے روز یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان اور کوریا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کورین سفیر کو صوبے کے مختلف شعبوں بالخصوص ماہی گیری اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں طویل ساحلی پٹی رکھنے کا حامل صوبہ ہے جس کا پانی اور درجہ حرارت فش فارمنگ کے حوالے سے انتہائی موزوں خیال کیا جاتا ہے اور اس شعبہ میں سرمایہ کار منافع بخش سرمایہ کر سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو قدر ت نے بے شمار معدنیات سے نوازا ہے ، کانکنی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع اور روشن امکانات موجود ہیں ، صوبائی حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کار کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے میں فش پروسسینگ یونٹس کے قیام کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے جس سے ماہی گیری کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی۔ کورین سفیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ کورینز کمپنی آئی سیکٹر میں بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر حصوں میں کام کر رہے ہیں جبکہ ماہی گیری کے شعبہ میں کورین کمپنیز اور سرمایہ کاروں کو اس طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں کورین حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور کوریا کے مابین عوامی ،سماجی اور ثقافتی روابط کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ کوریا کے سفیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترقی کے وژن کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کورین سفیر نے یادگاری شیلڈ کا تبادلہ کیا۔