علم کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں،اصغر اچکزئی

  • November 14, 2018, 10:59 pm
  • National News
  • 54 Views

چمن ( این این آئی )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے پشتون نوجوانوں کو دینی اور عصری علوم کے حصول کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ علم کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں، پشتون معاشرے میں علمائے حق کی قدرومنزلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں عوامی نیشنل پارٹی شروع دن سے علمائے حق کی ساتھی رہی ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عصری علوم کے مراکز کے ساتھ ساتھ دینی مدارس کے طلباء کی بھی سرپرستی کریں اور ان کے مسائل حل کریں ، اکیسوی صدی علم اور ہنر کی صدی ہے جس میںآ گے بڑھنے کے لئے سائنسی علوم سے استفادہ وقت کی اولین ضرورت بن چکی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ تحصیل القرآن پرانا چمن کے افتتاح اور خیرو جان باغچہ ہائی سکول چمن میں سائنسی نمائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر شفقت انور شاہوانی ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن محمود خان اچکزئی ، پرنسپل عبدالصمد ، مفتی اخلاص ، مولوی اختر محمد ، عبداللہ ، محمد غوث ہمدرد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ پشتون معاشرہ شروع دن سے امن محبت اور بھائی چارے پر مبنی معاشرہ چلا آیا ہے مگر بدقسمتی سے پشتون قوم اور پشتون معاشرے کو بدنام کرنے کے لئے خوفناک کھیل کھیلے گئے جن کی وجہ سے آج ہماری ثقافت اور رہن سہن کے طریقے بھی متاثر ہوئے ہیں مگر اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کوا پنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتون قوم کی نمائندہ سیاسی جماعت ہونے کے ناطے معاشرے میں علمائے حق کے کردار سے کبھی انکاری نہیں رہی فخرا فغان باچاخان نے علمائے کرام کی مدد سے فلاحی کام کئے علمائے دیوبند کے ساتھ ان کے گہرے مراسم تھے آج بھی ہم یہی سمجھتے ہیں کہ معاشرے کو امن ، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لئے علمائے کرام کی مدد اور حمایت سے کام کیا جائے انہوں نے کہا کہ اسلام نے علم کے حصول کی تاکید کی ہے علم عصری ہو یا دینی اس کا حصول ہم پر فرض ہے انہوں نے کہا کہ پشتون علاقوں میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعدا ددینی مدارس میں تعلیم حاصل کررہی ہے ہمیں ان کے مسائل کا اندازہ ہے ان کے مسائل کے حل کے لئے ہم سب پر ذمہ داریاں عا ئد ہوتی ہیں ۔ اصغرخان اچکزئی نے خیرو جان باغچہ ہائی سکول میں سائنسی نمائش کے انعقادپر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں مگر بدقسمتی سے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مناسب مواقع نہیں ملتے جس کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں ضائع ہوجاتی ہیں اس طرح کی تقاریب سے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بچوں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دیئے جاتے رہیں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اپنے عروج کے دور میں سائنسی حوالوں سے نمایاں کام کیا اور بے شمار ایجادات کیں مگر بدقسمتی سے بعد میں مسلمانوں کی توجہ سائنس سے ہٹ گئی اکیسویں صدی میں آگے بڑھنے کے لئے ہمیں جدید سائنسی علوم سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے علم اور ہنر کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرتے ہوئے اپنے لوگوں کے مسائل میں کمی لاسکیں ۔