احمد علی کوہزاد افغان شہری بطور ایم پی اے منتخب ،پی بی 26 کا انتخاب کالعدم قرار دیدیا

  • November 16, 2018, 12:07 am
  • National News
  • 384 Views

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ پر افغان شہری کے بطور ایم پی اے منتخب ہونے پر انتخابات کالعدم قرار دے دیا۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن نے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے پی بی 26 میں دوبارہ انتخاب کروانے کا حکم دے دیا۔ای سی پی میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے مبینہ طور پر افغان شہری احمد علی کے منتخب ہونے اور مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست پر کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔اس موقع پر پی بی 26 سے منتخب ہونے والے ایم اپی اے احمد علی اور مولانا ولی محمد ترابی کے وکلاء الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔کمیشن کے پنجاب سے رکن الطاف ابراہیم قریشی نے استفسار کیا کہ انہوں نے ایک درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی جمع کروائی ہے، جس پر وکیل مولانا ولی محمد ترابی نے کہا کہ ہائیکورٹ بلوچستان کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ای سی پی کے سندھ سے رکن عبدالغفار سومرونے کہا کہ رپورٹ کے مطابق احمد علی افغان شہری ہیں، پی بی 26 کا الیکشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا جبکہ مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست بھی مسترد کر دی جس میں انہوں نے احمد علی کوہزاد کی جگہ ان کی کامیابی کے اعلان کی استدعا کی تھی۔کمیشن نے مولانا ولی محمد ترابی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا ان پر آپ کو کیسے مسلط کیا جائے۔ممبر الیکشن کمیشن کے مطابق قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتخب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں احمد علی 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے۔2 اگست کو کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) نے عام انتخابات میں پی بی 26 (کوئٹہ تھری) سے کامیابی حاصل کرنے والے احمد علی کو ہزاد کو بلوچستان ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے خط میں ’غیر پاکستانی‘ قرار دیا تھا۔