نواں کلی ، قبضہ مافیا کے 4ارکان گرفتار، اسلحہ برآمد

  • November 16, 2018, 12:08 am
  • National News
  • 126 Views

کوئٹہ (کرائم رپورٹر) کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں پولیس نے پلاٹ پر قبضے کی کوشش ناکام بناکر لینڈ مافیا کے چار کارندوں کو گرفتار کرلیا پولیس نے لینڈ مافیا کے کارندوں سے جھگڑنے پر پلاٹ مالک اور اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا تفصیلات کے مطابق نواں کلی میں ہاؤسنگ اسکیم کے ایک پلاٹ پر قبضہ کرنے کیلئے لینڈ مافیا کے کئی کارندوں نے مسلح ہوکر پلاٹ مالک پر حملہ کیا ۔مسلح افراد نے پلاٹ مالک میوہ خان اور اس کے ایک ساتھی کو تشدد کرکے زخمی کردیااور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لینڈ مافیا کے چار کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو کلاشنکوف برآمد کرلئے۔ پولیس نے زخمی ہونیوالے پلاٹ مالک اور اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا ۔ایس ایچ او زرغون آباد مراد بخش کے مطابق پلاٹ پر دونوں گروہوں کا تنازعہ ہے تاہم اس کا قبضہ کافی عرصے سے میوہ خان اور ان کے ساتھیوں کے پاس ہے ۔ مسلح افراد نے حملہ کیا جن میں سے چار کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ گروہ کا سرغنہ فرار ہوگیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارہے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے ملنے والا اسلحہ بھی غیر قانونی ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق پلاٹ مالک اور اس کے ساتھی کو بھی جھگڑے کے الزام میں پکڑا گیا ہے۔ دونوں گروہوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پلاٹ مالک میوہ خان کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے جانبداری سے کام لیا اور قصور وار لینڈ مافیا کے خلاف مثر کارروائی کی بجائے پلاٹ مالک پر بھی مقدمہ دائر کرادیا ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔ پلاٹ مالک نے کوئی جھگڑا نہیں کیا اور صرف اپنا دفاع کیا جو اس کا قانونی حق تھا۔