حکومت12ربیع الاول پر سود کے خاتمے کا اعلان کرے ، مولانا ہاشمی

  • November 20, 2018, 12:05 am
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت ملک کومدینہ کی حقیقی فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتی ہے تو 12ربیع الاول کے مبارک دن کے موقع پر نظام مصطفےٰ ﷺ کے عملی نفاذ ،سود نظام کے خاتمے، نصاب کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے اور عدالتی نظام کو قرآن وسنت کے عین مطابق کرنے کے عملی اقدامات کریں کیونکہ اس ملک کے مسائل کا حل صرف اور صرف نظام مصطفےٰﷺ سے ہی وابستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریمؐ کااسوہ حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہمیں اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا۔آج ملک وقوم کو درپیش مسائل صرف اور صرف دین اسلام سے دوری کانتیجہ ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بحیثیت مسلمان اپنی زندگیاں دین اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق گزاری جائیں۔12ربیع الاول کا دن ہمیں نبی کریمؐ کے نقش قدم پرچلنے اور کفر کے طور طریقوں کواپنانے سے روکتاہے۔ آج پاکستان جو کہ اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا دکھ کی بات یہ ہے کہ یہاں انگریزوں کاقانون اور ہندوانہ تہذیب وکلچر عام ہے۔لوگ اللہ اور اس کے رسولؐ کی رسی کوچھوڑ کر سخت گمراہی میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ہمارارشتہ اللہ سے کمزوراور دشمن قوتوں سے زیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔نبی کریمؐ نے ظلم کے خلاف جہاد اور مظلوم کو اپنا دوست قراردیا ۔ہمارے پیارے نبی ؐ سارے جہاں کے لیے رحمت للعالمین بناکر بھیجے گئے تھے۔آپؐ نے ہمیں زندگی گزارنے کاصحیح راستہ بتایا۔ حضور ؐ نے رنگ ونسل کے امتیازسے بالاتر ہوکر اخوت،مساوات اور بھائی چارے کاپیغام دیا۔دین اسلام ہی انسانی حقوق کا سب سے بڑابرچارک ہے۔انہوں نے کہاکہ نظام مصطفی ؐ کانفاذ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔جب تک ملک میں شرعی نظام کو لاگونہیں کرلیاجاتاتب تک ہم مسائل سے نجات حاصل اور دنیا میں ترقی نہیں کرسکتے۔آپؐ نے مدینہ منورہ کوفلاحی ریاست بناکر دکھادیا تھا کہ اسلام قدامت پسند نہیں بلکہ زندگی گزارنے کابہترین طریقہ بتاتا ہے۔ اس وقت اسلام دشمن طاغوتی قوتیں اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کواتحاد یگانگت ،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے حضور ﷺ کے فرمودات پر عمل کر کے ہی ملک کونظام مصطفےٰ ﷺ کی کرنوں سے منور کیا جاسکتا ہے ریاست مدینہ کا خواب اس وقت پورا نہیں ہو سکتا جب تک گستاخانِ رسول کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اور ختم نبوت ﷺ و ناموس رسالت ﷺ کے قوانین کا تحفظ نہیں کیا جاتا قوم دامن مصطفےٰ ﷺ سے وابستہ ہو جائے تو تمام مسائل سے نجات مل سکتی ہے اس ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کا سورج ضرور طلوع ہوگا ۔