کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

  • November 20, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 73 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ آج بروز(بدھ) مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائیگا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 12ربیع الاؤل کا مرکزی جلوس جامعہ مسجد و درسگاہ عالیہ گل بادشاہ کواری روڈ سے نکالا جائیگاشہر اور دیہات رنگ و نور میں ڈوب گئے جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں گلیاں اور بازار جھنڈیوں سے آراستہ کئے گئے ہیں جبکہ بچے گلی محلوں میں پہاڑیاں بنا کر اپنی عقیدت کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں، عمارتوں پر چراغاں کر دیا گیا ہے، بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل رکھے گئے ہیں، کیلی گرافی کے نمونے بھی گلیوں میں آویزاں کئے گئے ہیں۔ یکم ربیع الاول سے ہی نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے اور یہ سلسلہ 12ربیع الاول کوبھی جاری رہے گا۔ کہیں ناشتہ تو کہیں نان دال، کہیں میٹھے چاول تو کہیں بریانی سے ہر خاص و عام کی تواضع کی جائیگی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عید میلاد البنیؐکے جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 12ربیع الاؤل کا مرکزی جلوس آج بروز (بدھ)جامعہ مسجد و درسگاہ عالیہ گل بادشاہ کواری روڈ سے نکالا جائیگااس موقع پر مختلف علاقوں سے آنے والے چھوٹے چھوٹے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوتے جائیں گے جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میزان چوک پہنچیں گے اور بعد نماز ظہر جلوس اختتام پذیر ہوگا اسی طرح قلعہ عبداللہ،چمن،ژوب،پشین،قلعہ سیف اللہ،لورالائی،سبی،نصیرآباد،جعفرآباد،نوشکی،اوستہ محمد،مستونگ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جشن عید میلاد النبیؐ کومذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے تیاریاں مکمل ہو گئی ہے ،سرورکائنات حضرت محمد مصطفی ؐ کی آمد آمد ہے جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول ؐ نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا۔جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں بلوچستان کے مختلف شہروں و دیہاتوں کی مساجد، عمارتوں اور شاہراؤں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔عاشقان رسول ؐ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے حوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں، آپ ؐ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔آپ ؐ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔رسول کریم ؐ محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ؐ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا، اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور مقامی سطح پر امن کمیٹیوں نے بھی اپنے رضا کاروں کو تیار کرلیا ہے جو جلوسوں اور ریلیوں کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔