الیکشن ٹریبونل کا مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم

  • November 22, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 125 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی بی 38میں مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی 29نومبر کو دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیدیاہے ۔گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے روبروحلقہ پی بی 38سے منتخب رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناء اللہ زہری کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران رکن اسمبلی نواب ثناء زللہ زہری کی جانب سے شاہ محمد جتوئی ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کرانے کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل نے مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیااور کہاکہ الیکشن کمیشن فریقین کی موجودگی میں 29 نومبر کو مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کرائے، بعدازاں الیکشن ٹریبونل انتخابی عذرداری کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی ۔بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونلز کے روبرو قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے متعلق دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے روبرو پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمدرند کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزار میرعاصم کردگیلو کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کی جانب سے عامرنواز رانا ایڈووکیٹ اور حلقے سے کامیاب امیدوار سرداریارمحمدرند کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عامرنوازرانا ایڈووکیٹ نے ٹریبونل سے استدعا کی کہ ڈالے گئے ووٹوں کے انگوٹھوں کی تصدیق کرائی جائیں جس پر کامیاب امیدوار سرداریارمحمدرند کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی بعدازاں ٹریبونل نے انتخابی عذرداری کی سماعت 27نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین کی کامیابی کے خلاف درخواست گزار عیسیٰ روشان کی انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران فریقین کے وکلاء نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ اور منیرسکندر ایڈووکیٹ پیش ہوئے تاہم گواہ کی عدم پیشی کے باعث سماعت میں پیشرفت نہ ہوسکی الیکشن ٹریبونل نے گواہان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔ٹریبونل کے روبرو رکن بلوچستان اسمبلی عبدالواحد صدیقی کی کامیابی کے خلاف اسفندیار خان کاکڑ کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت میں درخواست گزار کی عدم حاضری کے باعث پیشرفت نہ ہوسکی اور سماعت کو آج تک جمعہ تک کیلئے ملتوی کردیاگیاسماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے احسن رفیق رانا ایڈووکیٹ جبکہ رکن اسمبلی کی جانب سے منیرسکندرایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے ۔دوسر ی جانب جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 272کے نتائج سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹرافتخار رضا ایڈووکیٹ جبکہ رکن قومی اسمبلی سرداراسلم بھوتانی کی جانب سے خورشید کھوسہ ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے پیش کئے گئے گواہ کے بیان پر جرح مکمل کرلی گئی اور بعدازاں سماعت کو27ونمبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔علاوہ ازیں جسٹس عبداللہ بلوچ کے روبرو نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران کامیاب امیدوار کے گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کرلی گئی انتخابی عذرداری کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن صوبائی اسمبلی نصیراحمدشاہوانی کے حلقہ انتخاب سے متعلق خان زمان کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب داخل کردیاگیاجس کے بعدسماعت کو26نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔دریں اثناء رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز کے حلقہ انتخاب سے متعلق سید عبدالخالق آغا کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع کرادیاگیا بعدازاں سماعت کو 26نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔اس کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی اخترحسین لانگو کی کامیابی کے خلاف حضرت عمر اچکزئی کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع کرادیاگیاجس کے بعدسماعت کو26نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔دریں اثناء سردارعبدالرحمن کھیتران کے حلقہ انتخاب سے متعلق عبدالکریم کھیتران کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران فریقین کے وکلاء نادرچھلگری ایڈووکیٹ اور منظوراحمدرحمانی ایڈووکیٹ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران حلقے سے منتخب رکن اسمبلی وصوبائی وزیر سردارعبدالرحمن کھیتران کے وکیل منظوراحمد رحمانی ایڈووکیٹ نے انتخابی اپیل کو دوسری ٹریبونل منتقل کرنے کی استدعا کی جس پر فریق مخالف کے وکیل نادرچھلگری ایڈووکیٹ نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی عذرداری کو دوسرے ٹریبونل منتقلی محض تاخیری حربہ ہے تاہم الیکشن ٹریبونل نے انتخابی عذرداری کو دوسرے ٹریبونل کومنتقل کرنے کی ہدایت کی ۔