آئندہ سال کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں چلائیں گے ، پیر نورالحق قادری

  • November 25, 2018, 11:57 pm
  • National News
  • 106 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ آئندہ سال حج کیلئے ڈائریکٹ فلائٹ چلائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن نیا پاکستان ریاست مدینہ کے اثرات جلد عوام کو مل جائینگے۔ بلوچستان کے ساتھ ماضی میں جن شعبوں میں ناانصافیاں ہوئی ہیں اس میں بلوچستان سے حج کے لئے ڈائریکٹ فلائیٹ کا نہ ہونا بھی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے حج مشاورتی اجلاس اور حج کانفرنس 2019ء میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی زیر نے کہا کہ حج اسلامی ارکان میں سے ایک اہم فریضہ ہے اس لئے ہم نے عوام کیلئے اس اہم فریضے کی ادائیگی کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2019ء کے لئے مشاورتی اجلاس ورکشاپ کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم سابقہ پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور عوام کے لئے آسانیاں ڈھونڈیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں آج آزاد اور ترقی یافتہ ہیں جن کے حکومتوں نے اپنی عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں ۔ موجودہ حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی جو وعدہ عوام کے ساتھ کئے گئے ہیں ان کو پورا کرنے کے لئے ہم بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر پیر نورالحق نے کہا کہ پرائیویٹ حج کمپنیاں بھی اس مشن میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں اور حجاج کرام کے لئے رہائش ، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہم سب پر فرض ہے کہ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے ہم غریب عوام کے ساتھ ظلم ناانصافی نہ کریں کیونکہ ایک نہ ایک دن اس کا جواب ہم نے اللہ کے دربار میں دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر حج کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہ تجاویز دیں موجودہ حکومت ان کے جائز مسائل کو ضرور سنے گی اور حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر کے حاجی کیمپوں میں آئندہ سال حاجیوں کے لئے تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ حج جانے والوں کو اس اہم فریضے کی ادائیگی اسلامی احکامات کے مطابق ہو۔ عوام پیسے بھی خرچ کرتے ہیں اور جب ان کو معلومات نہ ہو اور سہولیات کا بھی فقدان ہو تو ادائیگی میں مشکلات ضرور آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے ساتھ ہے ،آخر میں وفاقی وزیر نے حج ایسوسی ایشن بلوچستان کے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔